افغانستان:کارروائی میں تینتیس ہلاک

افغانستان میں امریکی فوجی کمانڈ کے مطابق ہلمند اور لوگر صوبوں میں الگ الگ جھڑپوں میں افغان اور اتحادی افواج نے تینتیس شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
فوجی حکام کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ہلمند کے گریشک ضلع میں گشت کرنے والے فوجیوں پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی جس کے جواب میں فوجیوں نے جوابی فائرنگ کی اور انہیں فضائی مدد بھی دی گئی۔
اس کارروائی میں تیس شدت پسند مارے گئے جبکہ ایک افغان فوجی زخمی ہوا۔ بیان کے مطابق جوابی کارروائی کرتے ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ اس علاقے میں کوئی غیر جنگجو شخص موجود نہ ہو۔
لوگر صوبے میں تین شدت پسند اس وقت مارے گئے جب امریکی و افغان فوجیوں نے ایک عمارت پر حملہ کیا۔
ہلمند ہی وہ صوبہ ہے جہاں اتحادی اور افغان افواج کو طالبان کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ جمعرات کو بھی ہلمند میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایک طالبان مخالف رکن اسمبلی داد محمد خیل ہلاک ہو گئے تھے۔



