’سی آئی اے نےخفیہ جیلیں بند کر دیں‘

امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کےڈائریکٹر لیون پنیٹا نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ نے عالمی خفیہ جیلوں کا نیٹ ورک بند کردیا ہے۔
سی آئی اے ڈائریکٹر نے سٹاف کو ایک خط میں کہا ہے ’سی آئی اے اب بلیک سائٹ اور حراست کی جگہیں نہیں چلا رہا۔‘ اس خط میں مزید کہا گیا ہے کہ جو خفیہ جیلیں ابھی کام کر رہی ہیں ان کو ختم کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ لفظ بلیک سائٹ ان حراست کی جگہوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جہاں مبینہ دہشت گردوں کو رکھا جاتا ہے اور ان پر تشدد کیا جاتا ہے۔
اپنے خط میں لیون پنیٹا نے کہا ہے کہ سی آئی اے اب ٹارچر جیسے کہ واٹر بورڈنگ جیسی تکنیک استعمال نہیں کرے گی۔ ’سی آئی اے کی افسران ایسی تکنیک استعمال کرنے کو برداشت نہیں کریں گے اور فوری طور پر کسی قسم کا غلط برتاؤ رپورٹ کریں گے۔‘
انہوں نے اس خط میں اس بات کا بھی اعلان کیا ہے کہ سی آئی اے اب کسی اور کمپنی کے اہلکاروں سے تفتیش نہیں کرائیں گے۔ لیکن سی آئی اے کو اختیار ہے کہ مشکوک فرد کو مختصر مدت کے لیے حراست میں لے۔



