عراق خودکش حملہ، گیارہ ہلاک
عراق کے شمالی شہر کرکوک میں خود کش کار بم حملے میں کم از کم گیارہ پولیس اہلکار ہلاک اور بیس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ عراقی پولیس نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پولیس کے مطابق خود کش حملہ آور نے علاقے میں موجود پولیس قافلے کو نشانہ بنایا جو شمالی عراق کے تیل کے کنویں کی حفاظت پر مامور تھا۔
حال ہی میں شمالی عراق میں متعدد بم دھماکے ہوئے ہیں کیونکہ القاعدہ اور دیگر عسکریت پسند جمیعتیں علاقے میں اپنے مضبوط گڑھ بنانا چاہتی ہیں۔
کرکوک کے سینیئر پولیس اہلکار لیفٹیننٹ کرنل یادگار راشد نے بی بی سی کو بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد عام شہریوں کی ہے۔
ادھر جرمنی میں امریکی فوجی ماسٹر سارجنٹ جان ہیٹلی کو ایک کورٹ مارشل کی سماعت کے دوران چار عراقیوں کی ہلاکت کا ذمہ مجرم قرار دیا گیا ہے۔ ان عراقیوں کو سن دو ہزار سات میں بغداد میں آنکھوں پر پٹی اور ہاتھ باندھ کر گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔
مجرم کو آج یعنی جمعرات کو سزا سنائی جائے گی جو ممکنہ طور پر عمر قید ہو گی۔


















