عراق: خودکش حملوں میں 70 ہلاک

عراق میں دو خود کش حملوں میں ستر سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پہلا حملہ دار الحکومت بغداد میں ہوا جس میں اٹھائیس افراد ہلاک ہوئے۔ یہ خود کش حملہ اس وقت کیا گیا جب پولیس بے گھر خاندانوں کو امدادی سامان تقسیم کر رہی تھی۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس حملے میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔
بغداد خود کش حملے میں مرنے والوں میں پانچ بچے شامل ہیں اور پچاس سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔
دوسرا حملہ شمال مشرقی شہر بقوبہ کے ایک ریستوران میں ہوا اور اس میں زائرین کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں کم سے کم اڑتالیس افراد مارے گئے ہیں جن میں عراقیوں کے علاوہ کئی ایرانی شہری بھی شامل ہیں۔اس حملے میں تریسٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ ریستوران بالکل تباہ ہو گیا ہے۔
بقوبہ میں ہونے والے اِس حملے کو اس سال عراق میں ہونے والے خودکش حملوں میں سب سے زیادہ ہلاکت خیز قرار دیا جارہا ہے۔
دیالہ اب بھی عراق کے اُن دو علاقوں میں شامل ہے جہاں اب تک حکومت کا کنٹرول قائم نہیں ہوسکا ہے لیکن بغداد میں گزشتہ ایک سال کے دوران سکیورٹی کی صورتحال میںنمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔

















