ایران: احمدی نژاد سمیت چار میدان میں

ایران کی الیکشن کمیشن نے بارہ جون کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے چار امیدواروں کو انتخابات لڑنے کا اہل قرار دے دیا ہے۔
نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق جن امیدواروں کو اہل قرار دیا گیا ہے ان میں ایران کے موجودہ صدر محمود احمدی نژاد شامل ہیں۔ ان کے علاوہ دو اصلاح پسند امیدوار سابق وزیر اعظم میر حسین موسوی اور سابق سپیکر مہدی کروبی بھی اہل قرار دیے گئے ہیں۔ اور چوتھے صدارتی امیدوار پاسداران انقلاب کے سابق چیف محسن رزائی بھی ہیں۔
ایرانی وزارت داخلہ جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے ’جن امیدواروں کے نام گارڈیئن کونسل نے منظور کیے ہیں ان میں مہدی کروبی، میر حسین موسوی، محسن رزائی اور محمود احمدی نژاد شامل ہیں۔‘
صدارتی انتخابات کے لیے ساڑھے چار سو سے زائد لوگوں نے فارم جمع کرائے تھے جن میں بیالیس عورتیں بھی شامل ہیں۔ تاہم صرف چار کو اہل قرار دیا گیا ہے۔
صدارتی انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا آغاز ہو گیا ہے اور تمام امیدوار موجودہ صدر کو ہٹانے کے لیے کوشاں ہیں اور معیشت کی بدحالی کو لے کر مہم چلا رہے ہیں۔ کچھ امیدوار محمود احمدی نژاد کے ہولوکوسٹ کے حوالے سے بیان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ایران کی خارجہ پالیسی کم متنازعہ ہونی چاہیے۔
انتخابی مہم دس جون تک جاری رہے گی اور نتائج کا اعلان تیرہ جون کو کیا جائے گا۔

















