شمالی کوریامخالف قرارداد

سوزن رائیس
،تصویر کا کیپشنشمالی کوریا کے خلاف سخت اقدامات کی سفارش کی جائے گی: امریکی سفیر

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ کونسل میں شمالی کوریا کے ایٹمی دھماکہ کرنے کی وجہ سے اس کے خلاف نئی قرارداد منظور کرنے پر اتفاق رائے ظاہر کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ میں رو س کے سفیر وٹلی چرکن نے کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد کہا کہ کونسل کے ارکان نے شمالی کوریا کی طرف سے ایٹمی دھماکہ کرنے کی سخت مخالفت کی ہے۔

شمالی کوریا نے ایٹمی دھماکے کا اعلان کرتے ہوئے اسے اپنی دفاعی ضرورت قرار دیا۔ اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک سخت اقدامات چاہتا ہے۔ سوزن رائیس نے امید ظاہر کی کہ سلامتی کونسل منگل کو نئی قرار داد پر کام شروع کر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے خیال میں شمالی کوریا کا اقدام عالمی قانون کی انتہائی خلاف ورزی ہے اور علاقائی اور عالمی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ قرارداد میں سخت اقدامات کی سفارش کرے گا۔

شمالی کوریا کے ایٹمی دھماکے کی شدت ریکٹر سکیل پر چار اعشاریہ پانچ کی طاقت کے زلزلے کی ہے اور بظاہر یہ اس کی طرف سے سن دو ہزار چھ میں کیے جانے والے ایٹمی دھماکے سے زیادہ طاقتور ہے۔

روس کے سفیر کا کہنا ہے کہ ایٹمی دھماکہ اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر سترہ اٹھارہ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ اس قرارداد میں شمالی کوریا پر پہلے ایٹمی دھماکے کے پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

دریں اثناء شمالی کوریا نے ایک سخت بیان میں کہا ہے کہ وہ امریکہ کی طرف سے کسی ممکنہ حملے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔