ایران: جنداللہ ارکان کو سزائے موت

ایران میں پھانسی(فائل فوٹو)
،تصویر کا کیپشنپھانسیوں کا عمل دیکھنے کے لیے شہریوں کو دعوت دی گئی

ایران میں ذرائع ابلاغ کے مطابق جند اللہ کے چودہ ارکان کو منگل کو سر عام پھانسی دینے کا حکم دیا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ان لوگوں کو ملک کے جنوب مشرقی شہر زاہدان میں ایک پارک میں پھانسی پر لٹکایا جائے گا۔

تہران کا کہنا ہے کہ ان افراد کا تعلق جند اللہ نامی تنظیم سے ہے جو ملک میں کئی حملوں کی ذمہ دار ہے۔ عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پھانسیاں روکنے کی اپیل کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ان افراد کو اپنے دفاع کا پورا موقع نہیں دیا گیا۔

ایران کی خبر رساں ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ زاہدان کی عدلیہ نے ان افراد کے رشتہ داروں اور شہر کے باسیوں کو پھانسیوں کا عمل دیکھنے کے لیے بلایا تھا۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جند اللہ نے صوبے میں کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے جن میں مئی میں زاہدان کی ایک شیعہ مسجد پر حملہ بھی شامل ہے جس میں پچیس لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں تہران کو نشانہ بناتی ہیں کہ وہاں سزائے موت کا بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔ تہران کا کہنا ہے کہ یہ لوگوں کو جرائم سے روکنا کا موثر طریقہ ہے اور اس پر تفصیلی عدالتی کارروائی کے بعد عمل کیا جاتا ہے۔