کویت، القاعدہ سے وابستہ افراد گرفتار

کویتی حکام نے امریکی فوجی اڈے پر حملے کی منصوبہ بندی کے شبہ میں القاعدہ سے وابستہ گروہ کے چھ ارکان کو گرفتار کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔
وزارت داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام افراد کویتی ہیں اور انہوں نے اپنے جرائم کا اقرار کر لیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ لوگ کویت کی داخلی سلامتی کے ادارے کو بھی بموں کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
العربیہ ٹی وی چینل کے مطابق یہ گروہ امریکی اڈے، کیمپ عارف جان، پر رمضان میں حملے کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ یہ کیمپ کویت سٹی کے جنوب میں واقع ہے اور اس کی تعمیر پر بیس کروڑ ڈالر لاگت آئی تھی۔
اس کیمپ میں پندرہ ہزار فوجی ہیں اور یہ عراق میں امریکی فوجیوں تک رسد پہنچانے کے لیے اہم ہے۔
بی بی سی کے فرینک گارڈنر کا کہنا ہے کہ امریکہ کے ساتھ قریبی تعلق پر کویتیوں کی رائے منقسم ہے۔ بوڑھی نسل امریکہ کی احسان مند ہے کہ اس نے عراق سے کویت کی گلو خلاصی کروائی تھی۔ تاہم نوجوان نسل امریکہ کو جارح، عراق پر قابض اور اسرائیل کا دوست اور مسلمانوں کا دشمن سمجھتی ہے۔
کویت میں امریکیوں پر حملے کا پہلا واقعہ سنہ دو ہزار دو میں پیش آیا تھا جب دو کویتیوں نے امریکی فوجیوں پر گولیاں چلا کر ایک فوجی کو ہلاک کر دیا تھا۔
دو ہزار سات میں چھ کویتی اور دوسرے بے وطن عرب باشندوں کو امریکی فوجیوں اور کویتی سکیورٹی حکام پر حملے کرنے کی پاداش میں عمر قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







