کویت: شادی کی تقریب میں آتشزدگی

کویت کی وزارت داخلے کے مطابق کویت سٹی کے مغرب میں واقع الجہرہ کی آبادی میں خواتین کی شادی کی ایک تقریب میں آتشزدگی کے واقعے میں چھتیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اس واقعے میں ساٹھ سے زائد خواتین اور بچے زخمی بھی ہوئے۔ زیادہ تر ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب آگ کے شعلوں نے ایک خیمے کو لپیٹ میں لے لیا اور خیمے کے اندر بھگدڑ مچ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوج کی ایمولنس گاڑیوں موقع پر پہنچ گئیں جن کے ذریعے زخمی ہونے والوں کو مقامی ہسپتال میں پہنچایا گیا۔
حکومت کے ایک ترجمان کے مطابق انتظامیہ کو زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے میں اس لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ زخمیوں کے رشتہ دار بھی بڑی تعداد میں وہاں جمع ہو گئے تھے۔
کویت میں مردوں اور عورتوں کے لیے شادی کی علیحدہ علیحدہ تقریبات منعقد کی جاتی ہیں اور کویت سٹی کے جاہرہ علاقے میں ہونے والی تقریب عورتوں اور بچوں کے لیے تھی۔



