نیٹو قافلے پر بم حملے میں سات ہلاک

دھماکے میں زخمی ہونے والا شخص
،تصویر کا کیپشن کابل کے نواح میں تین دن میں ہونے والا یہ دوسرا خودکش حملہ ہے

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نیٹو کے قافلے پر ہونے والے بم حملے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

کابل میں حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں نیٹو کے فوجی اور اقوامِ متحدہ کے لیے کام کرنے والے افغان باشندے بھی شامل ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک مصروف بازار کے قریب ہوا اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

کابل میں محکمہ پولیس کے سربراہ سید عبدالغفار سیدزادہ نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’یہ ایک خود کش حملہ تھا جس کا ہدف بین الاقوامی فوج کو رسد پہنچانے والا قافلہ تھا۔‘

یہ حملہ کابل کے نواح میں ہوا اور تین دن میں ہونے والا دوسرا خودکش حملہ ہے۔

خیال رہے کہ جمعرات کو افغانستان میں صدارتی انتخاب ہو رہے ہیں اور طالبان نے ان الیکشن کو ناکام بنانے کا اعلان کیا ہوا ہے۔

کابل میں بی بی سی کے نمائندے کے مطابق اس حملے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ شدت پسند انتخابات کے حوالے سے کیے جانے والے سکیورٹی اقدامات کو ناکام بنانے پر قادر ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسے بم حملے ووٹ ڈالنے کے لیے جانے والے عوام کو خوفزدہ بھی کر سکتے ہیں۔

دریں اثناخبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق منگل کی صبح افغان دارالحکومت کابل کے مرکزی علاقے میں دو راکٹ حملے ہوئے ہیں تاہم حملے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔

ایک راکٹ صدارتی محل کے احاطے کے اندر اور ایک پولیس کے ہیڈ کواٹر میں گرا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے ساتھ بات کرتے ہوئے طالبان کے ترجمان نے بتایا کہ منگل صبح چار راکٹ حملے کیے گئے ہیں۔