عراق: بم حملہ کم از کم سترہ ہلاک

عراق سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق عراق کے ایک شمالی کرد گاؤں میں ایک خودکش بمبار نے دھماکہ خیز مادے سے بھری ہوئی ایک لاری کو اڑا دیا جس کے نتیجے میں کم از کم سترہ افراد ہلاک اور تیرہ زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ دھماکے میں گاؤں کے کئی گھر تباہ ہوگئے۔
عراقی پولیس کے مطابق ایک اور خود کش بمبار نے دوسرا دھماکہ کرنے کی کوشش کی لیکن مقامی کرد فوج نے اس پر فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔
علاقے میں امریکی افسران کا کہنا ہے کہ شدت پسند شمالی عراق میں مختلف طریقوں سے کردوں پر حملے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ شمالی عراق کے ان علاقوں میں فرقہ وارانہ تشدد بھڑکا سکیں جہاں مختلف نسل کے لوگ آباد ہیں۔

















