یاد کرنے کا قومی دن

- مصنف, جاوید سومرو
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، واشنگٹن
امریکہ میں جمعہ کو گیارہ ستمبر کے حملوں کی آٹھویں برسی منائی گئی۔ ملک کے متعدد شہروں میں تقریبات ہوئیں جن میں صدر اوباما اور دیگر اعلیٰ امریکی اہلکاروں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے لڑائی جاری رکھنے کے عزم دہرائے۔
لیکن اس مرتبہ ماضی کے مقابلے میں ماحول کچھ مختلف دیکھنے میں آیا۔
آٹھ برس کا عرصہ خاصہ لمبا ہوتا ہے۔ سن دوہزار ایک میں ستمبر کی گیارہ تاریخ کو امریکہ میں جو کچھ ہوا اس کی امریکیوں کو کبھی توقع نہ تھی۔ ان حملوں کے بعد ملک میں ایک جنگی ماحول تھا۔
میں گیارہ ستمبر کے حملوں کے دو ماہ بعد امریکہ آیا تھا اور ائیر پورٹ پر اترتے ہی مجھے احساس ہو گیا تھا کہ میں جیسے ایک ایسے ملک میں داخل ہو گیا ہوں جو ایک آزاد جمہوری ملک نہیں بلکہ ایک ایسا ملک ہے جو حالت جنگ میں ہو۔
ایئر پورٹ پر تعینات عملے کے چہروں پر طاری رعونت سے لے کر پاکستانی اور سکھ ٹیکسی ڈرائیوروں کے چہرے سے جھلکنے والے خوف سے یہ بات عیاں تھی کہ رنگت اور مذہب کی بنیاد پر کیسے ملک بٹا ہوا ہے۔

امریکی امیگریشن کے افسر نے مجھ سے اس طرح کے سوالات کئے کہ لگتا تھا وہ میرے اس ملک میں آنے پر شدید ناراض ہے۔ یہاں تک کہ جب میں نے اسے بتایا کہ میں لاڑکانہ، پاکستان میں پیدا ہوا ہوں تو اس نے کہا تم جھوٹ بول رہے ہو۔ لاڑکانہ تو افریقہ میں ہے۔ بھلا میں اسے کیا کہتا دل میں بڑی سی گالی دی اور چہرے پر مسکراہٹ بکھیری۔
میڈیا کا یہ عالم تھا جیسے میدان جنگ میں بگل بجا رہا ہوں۔ سی این این، فوکس، سی این بی سی سب لگے ہوئے تھے کہ بس آج کے آج کسی بھی ملک پر چڑھ دوڑو۔ گراؤ بم اور اس وقت تک گراؤ جب تک امریکہ میں ہونے والی ہلاکتوں سے دس گنا زیادہ انسان ہلاک نہ ہوجائیں۔
پھر جو ہوا وہ تاریخ ہے اور سب جانتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن کل امریکہ مختلف تھا۔ لوگ اپنی ملازتوں پر گئے، بچے سکول گئے اور معمولات زندگی جوں کے توں چلتے رہے۔
صدر اوباما نے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون میں ایک تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات جاری رہیں گے۔
صدر اوباما کہ نے کہا کہ کوئی بھی الفاظ اس دکھ کو کم نہیں کر سکتے جو اپنے پیاروں کو کھونے سے ہوتا ہے۔ لیکن آپ کو اس سے شائد کسی حد تک تسلی ہو کہ کروڑوں لوگوں کی حمایت آپ کو حاصل ہے اور ہم اس عزم میں ساتھ ہیں کہ ان ظالمانہ کارروائیوں کے مرتکب افراد کے خلاف، القاعدہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف ہماری لڑائی جاری رہے گی۔
نائن الیون کی آٹھویں برسی کےموقع پر پینٹاگون میں ہونےوالی تقریب کے دوران قریبی دریا میں ہونے والی فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
امریکی صدر براک اوباما اس تقریب میں شریک تھے۔ امریکی اہلکاروں نے کہا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ قریبی دریائے پوٹیمک میں کوسٹ گارڈ کی مشقوں کے دوران پیش آیا۔
ماضی کی روایت کے برعکس اس سال گیارہ ستمبر کو یاد کرنے کے قومی دن کے طور پر منایا گیا۔





















