پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات ’بے نتیجہ‘

شاہ محمود قریشی
،تصویر کا کیپشنامن کی فضا کو بہتر کرنے کے لیے بھارت کا دورہ کرنے کے لیے تیار ہوں: شاہ محمود

پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان امن مذاکرات کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق نہیں ہو سکا ہے۔

نیویارک میں پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ہم منصب کو دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی فضا کو بحال کرنے کے لیے ایک منصوبہ پیش کیا ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے پیشکش کی ہے کہ وہ امن کی فضا کو بہتر کرنے کے لیے بھارت کا دورہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان وزیر خارجہ نے اعتماد کی فضا کو بحال کرنے کے منصوبے کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔

ڈیڑہ گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے الگ الگ پریس کانفرنسوں سے خطاب کیا۔

بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے ملاقات کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام معاملات پر کھل کر بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پڑوسی ممالک کے تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے ضروری ہے کہ دہشت گردی سے پاک ماحول تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی پالیسی کو ختم کیے بغیر بات چیت آگے نہیں بڑھ سکتی۔

پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے ہم منصب سے ملاقات میں زور دیا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو کسی ایک مقدمہ کی نذر نہیں کیا جانا چاہیے۔

نیویارک میں بھارتی اور پاکستانی وزرائے خارجہ کے درمیاں ہونیوالے مذاکرات مصر میں شرم الشیخ میں غیر جانبدار ملکوں کی سربراہ کانفرنس کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ اور پاکستان وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے درمیان ملاقات کے بعد پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔