افغانستان: 8 امریکی، دو افغان فوجی ہلاک

افغانستان کے مشرقی نورستان صوبے میں جھڑپوں کے دوران آٹھ امریکی فوجی اور دو افغان فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔
نیٹو کے ترجمان کے مطابق یہ جھڑپ نورستان صوبے میں اس وقت شروع ہوئی جب فوجی چوکیوں پر عسکریت پسندوں نے حملہ کردیا۔
طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران افغانستان کے مشرقی حصوں میں پر تشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
نیٹو کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قبائلی عسکریت پسندوں نے اتحادی فوجیوں اور افغان فوجی چوکیوں پر ایک نزدیکی مسجد اور گاؤں سے حملے کیے۔ نیٹو کے مطابق ’اتحادی فوج نے حملے کے جواب میں موثر کارروائی کرکے دشمنوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے جبکہ آٹھ اتحادی فوجی اور دو افغان فوجی ہلاک ہوگئےہیں‘۔
طالبان کے ایک ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ اے پی خبر رساں ادادے کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد نے یہ دعوٰی بھی کیا ہے کہ طالبان نے 35 افغان فوجیوں کو حراست میں لیا ہے اور ان کے مستقبل کا فیصلہ ایک کونسل کرے گی۔
پولیس کے ایک مقامی افسر کا کہنا ہے کہ 19 پولیس اہلکاروں سے ان کا رابطہ نہیں ہورہا ہے جبکہ صوبے کے گورنر نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔
اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں۔ گزشتہ سال ایک جھڑپ کے دوران 9 امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ صوبے کے پہاڑی راستوں کے باعث عسکریت پسندوں کے حملے کے لیے رسائی آسان ہے جبکہ یہی پہاڑی علاقہ اتحادی فوجیوں کے لیے مشکل کا باعث ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی




















