کینیڈا :تارکین وطن سے بھرا جہاز پکڑا گیا

حکام کے مطابق 76 مشتبہ غیر قانونی تارکین وطن سے بھرے ہوئے ایک جہاز کو کینیڈا کے ساحل پر روک لیا گیا ہے۔
مقامی اہلکاروں کے مطابق جہاز میں موجود لوگ کینیڈا پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔
اگرچہ اب تک مکمل طور پر ان افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے لیکن کینیڈا کے ایک وزير نے ان لوگوں کا تعلق سری لنکا سے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ان کے مطابق بظاہر یہ انسانی سمگلنگ کا معاملہ دکھائی دیتا ہے۔
تمام تارکین وطن مرد ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ وہ پوری طرح سے صحت مند ہیں۔
اس تجارتی جہاز کا نام 'اؤشیئن لیڈی ہے اور اسے وینکوُر جزیرے پر بحریہ نے روکا تھا اور اس کے بعد برٹش کولمبیا کے وکٹوریا کے نزدیک لاکر کھڑا کر دیا گیا۔
جہاز ميں بیٹھے ہوئے افراد کی تصاویر میں وہ سویلین کپڑے پہنے ہوئے ہیں اور بعض نے شرٹ بھی نہیں پہنی ہوئی۔
تقریبا ایک دہائی قبل اسی قسم کےکئی واقعات میں چین سے تارکین وطن کی سمگلنگ کی کوششیں کی گئیں جسے وینکوُر جزیرے پر ہی روکا جاتا تھا۔

















