9/11: اہم ملزمان پر مقدمہ ’نیویارک میں‘

خالد شیخ محمد

ایک رپورٹ کے مطابق نائن الیون کے مبینہ منصوبہ ساز خالد شیخ محمد کو کیوبا سے نیویارک منتقل کیا جائے گا تاکہ ان پر سول عدالت میں مقدمہ چلایا جا سکے۔

رپورٹ میں سرکاری اہلکاروں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خالد شیخ محمد سمیت چار دوسرے ملزمان کو بھی کیوبا سے منتقل کیا جائے گا۔ تاہم رپورٹ میں ان سرکاری اہلکاروں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے ہیں۔

سرکاری اہلکاروں کے مطابق امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر آنے والے دنوں میں اس فیصلے کا اعلان کریں گے۔

امریکی فوج کے مطابق خالد شیخ محمد نائن الیون حملوں کا منصوبہ بنانے کا اعتراف کر چکے ہیں۔

جن پانچ ملزمان کو کیوبا سے منتقل کیا جائے گا ان پر کیوبا میں فوجی ٹریبونل میں مقدمے کی سماعت کی جا رہی ہے۔

امریکی صدر باراک اوباما نے بائیس جنوری تک گوانتانامو جیل کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ اوباما انتظامیہ کو اس کے لیے مزید وقت درکار ہوگا۔