ماحول بچاؤ: عالمی قیادت کا اجتماع متوقع

قاہرہ
،تصویر کا کیپشناجلاس عالمی معاہدہ کرنے کی کوشش کرے گا

ڈینمارک میں ماحول کے بارے میں دسمبر میں ہونے والے اجلاس میں ساٹھ ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم کی شرکت کے امکان کے بعد اس اجلاس کی کامیابی کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

اب تک خدشے کا اظہار کیا جاتا رہا ہے کہ ڈینمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں ہونے والے اس اجلاس میں کوئی قابل ذکر اور مضبوط معاہدہ نہیں طے پائے گا۔

تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ اتنے زیادہ سربراہان کی موجودگی کے امکان کے بعد اجلاس سے وابستہ توقعات میں بہت اضافہ ہو گیا ہے۔ اس سے پہلےماحول کے بارے میں اقوام متحدہ کی زیر سرپرستی ہونے والے سالانہ اجلاس میں عام طور پر ماحولیات کے وزراء شرکت کرتے رہے ہیں۔

ڈینمارک میں ہونے والے اجلاس میں ایک سو بانوے ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔ اس اجلاس میں شرکاء کی کوشش ہو گی کہ ماحول کے تحفظ کے لیے سن انیس سو ستانوے میں کیوٹو میں ہونے والے معاہدے کے بعد نیا معاہدہ طے پا جائے۔

برطانیہ کے وزیر اعظم گورڈن براؤن کا کہنا تھا کہ نئے اور مؤثر معاہدے کے لیے ضروری ہے کہ سربراہان حکومت خود آگے بڑھیں اور ذمہ داری قبول کریں۔ اور اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہی ہونے جا رہا ہے۔

تاہم دنیا میں ماحولیاتی آلودگی کے تین بڑے ذمہ دار ممالک انڈیا، چین اور امریکہ کے سربراہان کے نام فی الحال شرکاء کی فہرست میں نہیں ہیں۔