’پاکستان آمادہ ہو تو مزید تعاون‘

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ جیسے ہی پاکستان کی جانب سے آمادگی ظاہر کی جائے گی تو وہ مزید تعاون کرنے کو تیار ہیں۔
امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچے ہیں جہاں وہ افغان صدر حامد کرزئی سے بات چیت اور امریکی فوجیوں سے ملاقات کریں گے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق افغانستان کے لیے روانگی کے بعد ہوائی جہاز میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنے زیادہ اندرونی حملے ہونگے اتنا ہی وہ ہم سے اضافی مدد چاہیں گے اور وہ اس کے لیے آمادہ ہونگے تو ہم تعلقات کو کسی بھی رفتار سے آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔
کابل میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رابرٹ گیٹس نے کہا کہ وہ افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کو بتائیں گے کہ امریکہ ’اس جگہ جیتنے کے لیے ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ وہ افغان حکام کو بتائیں گے کہ امریکہ ان کا ایک لمبے عرصے کے لیے اتحادی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافے کے اعلان اور ان کی تعیناتی کے حوالے سے اور امریکی فوج کی افغانستان سے واپسی کے تناظر میں افغان فوج کی بہتر تربیت کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
رابرٹ گیٹس نے کہا کہ ’سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد ہم وقت کے ساتھ اپنی فوج میں کمی کر سکیں گے اور سویلین ادارے، ترقیاتی کام، معیشت اور اس طرح کے دیگر کام دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں ہونگے۔
کابل میں بی بی سی کے نامہ نگار مارٹن پیشنس نے بتایا کہ امریکی وزیردفاع اپنے دورے کے دوران افغان صدر سے بد عنوانی کے خاتمے کےحوالے سے بات چیت کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ صدر کرزئی پر واضح کریں گے کہ افغان فوج کی تربیت اور سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے سے ہی امریکی فوج کی واپسی ممکن ہے۔
وزیر دفاع امریکہ کے اعلیٰ ترین حکام ہیں جو صدر براک اوباما کی جانب سے افغانستان میں مزید تیس ہزار فوجی بھیجنے کے اعلان کے بعد کابل پہنچے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صدر براک اوباما نے جلد از جلد افغانستان میں مزید تیس ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ فوجیوں کی تعداد میں اضافے کے بعد وہاں تعینات امریکی فوج کی تعداد ایک لاکھ ہو جائے گی۔اس کے علاوہ نیٹو نے بھی مزید سات ہزار فوجی افغانستان روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔





















