افغانستان: خودکش حملے میں آٹھ ہلاک

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنہلاک ہونے والوں میں پانچ افراد اس وقت نزدیک سے گزرنے والی گاڑی میں سوار تھے: پولیس

افغان پولیس کا کہنا ہے کہ افغانستان کے شہر قندہار میں ایک گھوڑہ گاڑی پر سوار خودکش حملہ آور کے حملے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق پولیس نے خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی لیکن خودکش حملہ آور اپنے آپ کو ہوٹل اور مقامی سرکاری دفاتر کے نزدیک اڑانے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پانچ افراد اس وقت نزدیک سے گزرنے والی گاڑی میں سوار تھے جبکہ دیگر تین افراد جائے وقوعہ سے پیدل گزر رہے تھے۔اس حملے میں گاڑی پوری طرح تباہ ہو گئی جس کی وجہ سے پولیس کا پہلے خیال تھا کہ یہ کار دھماکہ ہے۔

ہوٹل میں موجود سکیورٹی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ان کو ایک مشکوک شخص کو رکنے کے لیے کہا۔ اطلاعات کے مطابق ہوٹل کے گارڈز نے اس شخص پر فائرنگ بھی کی۔