’دھماکے میں پانچ افغان اہلکار ہلاک‘

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنافغانستان میں شدت پسند کے حملوں میں اب تک سینکڑوں پولیس اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں

افغانستان میں حکام کے مطابق سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک اعلیٰ افسر سمیت پانچ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس کی ایک گاڑی صوبہ ہرات کے ضلع روباتِ سنگین سے گزر رہی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں صوبہ ہرات کے پولیس سربراہ بھی شامل ہیں۔

سڑک کنارے نصب بم پھٹنے کے واقعے سے دو روز قبل مشتبہ شدت پسندوں کی دو مختلف کارروائیوں میں سولہ پولیس اہلکاروں ہلاک ہو گئے تھے۔ حالیہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ ماضی میں سڑک کنارے بم نصب کر کے پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری طالبان کی جانب سے قبول کی جاتی ہے۔

ایک روز قبل سوموار کو مسلح حملہ آوروں نے شمالی صوبے بغلان اور جنوب میں ہلمند صوبے میں پولیس چیک پوسٹوں پر حملے کیے جن میں آٹھ، آٹھ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

نامہ نگاروں کے مطابق شدت پسند حکومت کے لیے کام کرنے پر پولیس اہلکاروں پر حملے کرتے ہیں۔ افغانستان میں گزشتہ پانچ سال کے دوران سینکڑوں پولیس اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔