نائجیریائی ’حملہ آور‘ پر مقدمہ

امریکی جہاز کو تباہ کرنےکی کوشش کے الزام میں نائجیریا کے ایک تئیس سالہ نوجوان پر مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔
امریکی محکمۂ انصاف نے کہا ہے کہ عمر فاروق عبدالمطلب نے ہالینڈ سے امریکہ جانے والے جہاز کو آتش گیر مادے سے تباہ کرنے کی کوشش کی۔ جہاز میں تین سو کے قریب مسافر سوار تھے۔
امریکی حکام کے مطابق عمر کے خلاف پہلی عدالتی کارروائی ہسپتال میں ہی ہو سکتی ہے جہاں وہ زیر علاج ہیں۔ عمر فاروق کی دھماکہ کرنے کی کوشش میں ٹانگ زخمی ہو گئی تھی۔
دریں اثناء لندن میں پولیس کئی مقامات کی تلاشی لے رہی ہے جہاں ان کے خیال میں عمر فاروق کا آنا جانا تھا۔ عمر کے بارے میں خیال ہے کہ وہ یونیورسٹی کالج لندن میں انجنیئرنگ کے طالب علم تھے۔
نائجیریا کے ایک سابق بنکار الحاج عمرو مطلب کا خیال ہے کہ ملزم ان کا بیٹا ہے جس سے ان کا کافی عرصے سے رابطہ نہیں۔ انہوں نے نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں حکام سے بھی رابطہ کیا ہے۔
یونیورسٹی کالج لندن کا کہنا ہے کہ اس نام کا ایک طالب علم ستمبر دو ہزار پانچ سے دو ہزار آٹھ تک مکینکل انجنیئرنگ کے شعبے میں زیر تعلیم تھا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا ابھی یہ ثابت نہیں ہوا کہ جس شحض کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں وہ یہی طالب علم تھا۔


















