تیل کا رساؤ: وقت درکار

تیل کے پھیلاؤ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے چار سو مشینیں کام کر رہی ہیں
،تصویر کا کیپشنتیل کے پھیلاؤ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے چار سو مشینیں کام کر رہی ہیں

خلیجِ میکسیکو میں برٹش پیٹرولیئم کے جس کنویں سے تیل بہہ رہا ہے اس کا ڈھکن روبوٹ کے ذریعے ہٹا لیا گیا ہے جس کے بعد تیل کو روکنے کے لیے دوسرا ڈھکنا لگایا جائے گا۔

تاہم ڈھکن کے ہٹائے جانے اور دوسرے کے لگائے جانے کے درمیان تیل بغیر کسی رکاوٹ کے بہہ رہا ہے۔ نیا ڈھکن لگائے جانے میں چار سے سات روز لگ سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ تیل کی کمپنی بی پی کا کہنا ہے کہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ نیا ڈھکن لگنے کے بعد تیل بہنا بند ہو جائے گا۔

اس تیل کو پھیلنے سے روکنے کے لیے چار سو مشینیں کام کر رہی ہیں۔

بی پی ایک طرف تو تیل کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کام کر رہی ہے اور دوسری طرف وہ مذید دو کنویں کھود رہی ہے تاکہ تیل کو بیچ ہی میں روکا جا سکے۔

تیل کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بڑا جہاز ہیلکس پروڈیوسر اتوار سے کام شروع کردے گا۔

تیل کو بیچ میں روکنے کے لیے بی پی کا کہنا ہے کہ پہلا کنواں اگست کے دوسرے ہفتے تک مکمل ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ خلیجِ میکسیکو میں تیل کے کنویں میں بیس اپریل کو ایک دھماکے کے نتیجے میں گیارہ ورکرز ہلاک ہو گئے تھے اور بڑی مقدار میں تیل پھیل گیا تھا جس سے امریکہ کی پانچ ریاستوں کے ساحل بری طرح متاثر ہوئے تھے۔

اس واقعہ کو امریکی صدر براک اوباما نے امریکی تاریخ کا سب سے بڑا ماحولیاتی حادثہ قرار دیا ہے۔