پوپ کو خطرہ: پانچ افراد گرفتار

لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے پانچ افراد کو پوپ بینیڈکٹ کے دورے کے لیے خطرے کے طور پر گرفتار کیا ہے۔
یہ گرفتاریاں برطانوی وقت کے مطابق صبح پونے چھ بجے انٹیلیجنس کی طرف سے خطرے پر مبنی اطلاعات ملنے کے بعد عمل میں آئیں اور انسدادِ دہشت گردی افسر کی جانب سے کی گئیں۔
گرفتار کیے جانے والے پانچوں افراد ویسٹ منسٹر میں ٹھیکے پر سڑکوں کی صفائی کرنے والے ایک نجی ادارے وییولیا انوائرنمنٹ سروس کے ملازم ہیں۔ ان لوگوں کو گرفتار کر کے سینٹرل لندن پولیس سٹیشن لے جایا گیا۔
گرفتار ہونے والے برطانوی نہیں ہیں اور ان گرفتاریوں کے بعد پولیس نے کئی نارتھ ایسٹ لندن میں کئی مقامات کی تلاشی لی تاہم اسے کوئی خطرناک چیز نہیں ملی۔
گرفتار افراد کی عمریں 26، 27، 36، 40 اور 50 سال تک کی ہیں اور ان کا تعلق الجیریا سے ہے۔
پولیس نے اس سلسلے میں جاری کیے جانے والے بیان میں کہا ہے کہ ’گرفتاریاں پولیس کو ملنے والی اطلاع اور ابتدائی تحقیقات کے بعد عمل میں آئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ان گرفتاریوں کے بعد پوپ کی مصروفیات اور اس کے لیے پولیس کے انتظامات پر نظرِ ثانی کی گئی اور تمام انتظامات کو اطمینان بخش پایا گیا۔ انتظامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی ہے اور نہ ہی برطانیہ میں خطرے کی سطح میں کوئی تبدیلی کی جا رہی ہے‘۔
پہلے ہی برطانیہ میں خطرے کی سطح ’انتہائی‘ ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ سکیورٹی کے سربراہوں کی نظر میں حملہ ’انتہائی ممکنہ‘ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بی بی سی سمجھتی ہے کہ خطرے کی جس اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی ہے وہ سکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے موصول ہوئی تھی اور اس میں اندرونی انٹیلیجنس ادارہ ایم آئی فائیو ملوث نہیں ہے۔
انگلینڈ اور سکاٹ لینڈ کے اہم پولیس افسران نے پوپ بینیڈکٹ کے دورے سے قبل دورے کی تفصیلات اور سکیورٹی انتظامات کی تیاری کی ہے اور خیال ہے کہ اس دورے کے انتظامات پر آنے والے اخراجات کا تخمینہ ایک ملین پاؤنڈ سے بھی زائد ہو گا۔




















