وکی لیکس نئے ڈومین پر

امریکی وزارت خارجہ کے خفیہ دستاویزات جاری کرنے والی ویب سائٹ وکی لیکس کو جس کمپنی نے ڈومین دیا تھا اس نے ویب سائٹ بند کردی ہے۔
چھ گھنٹے بند رہنے کے بعد اب یہ ویب سائٹ نئے ڈومین سے دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔
کمپنی ایوری ڈی این ایس ڈاٹ نیٹ نے کہا ہے کہ اس نے یہ ویب سائٹ اس لیے بند کی ہے کہ وکی لیکس ڈاٹ اورگ پر سائبر حملے بہت زیادہ ہو رہے تھے۔
کمپنی کے مطابق ان حملوں کی وجہ سے پورے ڈومین کو خطرہ لاحق تھا اور ہزاروں دیگر ویب سائٹ تک بھی رسائی بند ہو سکتی تھی۔
وکی لیکس کا کہنا ہے کہ اس نے جب سے تازہ خفیہ دستاویزات جاری کیے تھے تب سے سائیبر حملے ہو رہے تھے۔
وکی لیکس کی جانب سے سماجی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر پیغام میں ڈومین ختم کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
ایوری ڈی این ایس ڈاٹ نیٹ نے اپنی ویب سائیٹ پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ وکی لیکس کو ویب سائیٹ بند کرنے کے حوالے سے چوبیس گھنٹے قبل نوٹس دیا گیا تھا۔ اور اس نوٹس کی معیاد دو دسمبر کو جی ایم ٹی تین بجے ختم ہو گئی۔
کمپنی کے مطابق ’سائیبر حملوں کے باعث ڈومین کے انفراسٹرکچر کو خطرہ تھا اور اس ڈومین کے ذریعے پانچ لاکھ دیگر ویب سائیٹس تک رسائی ہوتی ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایوری ڈی این ایس ڈاٹ نیٹ نے مذید کہا کہ وکی لیکس تک رسائی اس لیے ممکن نہیں ہے کہ کسی اور ڈومین کمپنی نے ان کو ڈومین دینے سے انکار کردیا ہے۔
وکی لیکس نے ایمازون سے ڈومین کے لیے رابطہ کیا تھا لیکن اس نے انکار کردی۔ ایمازون کے انکار کو امریکی حکام نے سراہا۔
وکی لیکس اب یورپ کے ڈومین کمپنیوں پر اپنی ویب سائیٹ چلا رہی ہے۔






















