لیبیا:برطانوی کمانڈوز حراست میں

،تصویر کا ذریعہAP

برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز کے مطابق آٹھ برطانوی کمانڈوز کو لیبیا کے حکومت مخالف افراد نے مشرقی لیبیا میں حراست میں لے لیا ہے۔

اخبار کے مطابق یہ کمانڈوز سادہ لباس میں ملبوس تھے لیکن ان کے پاس اسلحہ تھا۔ یہ کمانڈوز ایک برطانوی سفارتکار کے ساتھ مشرقی لیبیا میں حکومت مخالف رہنماؤں سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔

تاہم برطانوی وزارت دفاع نے اس رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ’ہم سپیشل فورسز پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے۔‘

سنڈے ٹائمز کے مطابق سپیشل فورسز کے یہ کمانڈوز مشرقی لیبیا میں حکومت مخالف رہنماؤں سے ملاقات کے لیے جانے والے سفارتکار کے ہمراہ تھے۔

اخبار کے مطابق کمانڈوز کو بن غازی شہر میں حراست میں لیا گیا جہاں ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

جنیوا کی ہیومن رائٹس سالیڈیریٹی گروپ نے کہا ہے کہ وہ اس بات سے آگاہ ہیں کہ کمانڈوز کو حکومت مخالف لوگوں نے حراست میں لے لیا ہے لیکن ان کو اس بات کا معلوم نہیں کہ یہ کمانڈوز کس ملک سے تعلق رکھتے ہیں۔

اس سے قبل برطانوی وزارتِ داخلہ نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ سکاٹ لینڈ کی فوجیں لیبیا سے انخلاء کے آپریشن میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔

دریں اثناء ہالینڈ کے سپیشل فورسز کے دستے کو لیبیا کی فوج نے مغربی لیبیا میں میں اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ ہالینڈ کے شہریوں کے انخلاء کے آپریشن میں شامل تھے۔