شاہی شادی: تیاریاں آخری مراحل میں

شہزادہ ولیئم اور کیٹ مڈلٹن کی جمعہ کو شادی کی تیاریاں اپنے آخری مراحل میں ہیں۔

ایک روز قبل جوڑے نے ویسٹ منسٹر ایبے میں شادی کی ریہرسل میں شرکت کی۔

<link type="page"><caption> شہزادہ ولیئم اور کیٹ مڈلنٹن کی شادی کی تیاریاں، تصاویر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/entertainment/2011/04/110428_royal_wedding2_ra.shtml" platform="highweb"/></link>

شادی سے ایک روز قبل شہزادہ ولیئم اپنی شام پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس، ڈچس آف کورنول اور شہزادہ ہیری کے ساتھ گزاریں گے جبکہ کیٹ اپنی شام ہوٹل میں جمع ہوئے اپنے اہل و عیال کے ساتھ گزاریں گی۔

دوسری جانب سینٹ جیمز پیلیس نے تصدیق کی ہے کہ جمعہ کو ہونے والی شادی میں شام کے برطانیہ میں سفیر بھی شرکت کریں گے۔

جمعرات یعنی آج ملکہ برطانیہ برطانوی اور غیر ملکی شاہی افراد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گی۔ یہ عشائیہ سینٹرل لندن میں واقع مینڈرن ہوٹل میں ہو گا۔ اس عشائیے میں شہزادہ چارلس اور کیمیلا پارکر بھی شریک ہوں گے۔

شاہی شادی میں انیس سو افراد مدعو ہیں جن میں پچاس سربراہانِ مملکت بھی شامل ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں لاکھوں افراد یہ شادی دیکھیں گے۔ ہزاروں صحافیوں کی لندن میں آمد ہو چکی ہے اور بکنگھم پیلیس اور جس راستے سے شاہی جوڑے کا گزر ہو گا اس راستے پر بھی عارضی سٹوڈیو تیار کیے جا چکے ہیں۔