اسرائیل: سائبر حملوں کا موثر جواب دیں گے

،تصویر کا ذریعہReuters
اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ سائبر حملوں کا بلکل اسی طرح جواب دے گا جس طرح شدت پسندوں کی کارروائیوں کا دیا جاتا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ہیکرز نے ہزاروں اسرائیلی شہریوں کے کریڈٹ کارڈز سے متعلق معلومات چرا انٹرنیٹ پر جاری کر دی تھیں۔
خود کو سعودی شہری ظاہر کرنے والے ایک ہیکر اوکس عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جمعرات کو اسرائیلی شہریوں کی نجی معلومات انٹرنیٹ پر جاری کی ہیں۔
اسرائیل کے ڈپٹی وزیر خارجہ ڈینی ایلیون کا کہنا ہے کہ’اس طرح کے سائبر حملے دہشت گردوں کی کارروائی کی طرح ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے اور ان حملوں سے ایسے ہی نمٹا جائے گا۔‘
کریڈٹ کارڈ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ کم از کم چھ ہزار زیرِ استعمال کریڈٹ کارڈز کی معلومات چرائی گئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق انیس سولہ مبینہ ہیکر اوکس عمر میکسیکو میں مقیم ہو سکتا ہے۔
اسرائیلی ڈپٹی وزیر خارجہ کے ایک معاون کے مطابق وہ ہیکر کے میکسیکو میں موجود ہونے کی اطلاعات سے باخبر ہیں تاہم میکسیکو کے حکام سے اس ضمن میں ابھی تک کوئی مدد نہیں مانگی گئی ہے۔















