آئیفا ایوراڈ: جودھا اکبر بہترین فلم

انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز (آئیفا) میں فلم 'جودھا اکبر‘ کو سال کی بہترین فلم قرار دیا گیا ہے۔ چین کے شہر مکاؤ میں ہونے والی تقریب میں جودھا اکبر کو چھ ایوارڈ ملے جن میں بہترین اداکار اور بہترین ہدایتکار کے ایورڈ شامل ہیں۔
بہترین اداکار کا ایوارڈ ہریتک روشن اور ہدایتکار کا ایوارڈ آشوتوش گواریکر کو ملا۔ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فلم ’فیشن‘ کی ہیروئن پرینکا چوپڑا کو ملا۔ جودھا اکبر کو بہترین گانوں، بہترین موسیقی اور بہترین مرد پلے بیک گلوکار کا ایوارڈ بھی ملا۔
جودھا اکبر مغل شہنشاہ جلال الدین اکبر اور ان کی اہلیے جودھا بائی کی زندگی پر مبنی ہے۔ اس فلم میں جودھا کا کردار اشویریا رائے نے ادا کیا تھا جنہیں گزشتہ دس سالوں کی بہترین اداکارہ اور بین الاقوامی سینما میں کامیابیوں پر ایوارڈ دیا گیا۔
آئیفا ایوارڈ کی دسویں تقریب کے موقع پر بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ فلم ’راک آن‘ میں کام کرنے والے اداکار ارجن رام پال کو دیا گیا۔ بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ فلم فیشن میں کام کرنے پر کنگنا رناوت نے حاصل کیا۔

سن دو ہزار ایک میں بننے والی فلم ’لگان‘ کو دہائی کی بہترین فلم قرار دیا گیا۔ اس فلم کو اس وقت آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔
تقریب میں امیتابھ بچن نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ماضی کے ہیرو راجیش کھنا کو پیش کیا۔ اس موقع پر حاضرین نے کھڑے ہو کر راجیش کھنا کے لیے تالیاں بجائیں۔ امیتابھ بچن نے کہا کہ انڈیا کی فلمی صنعت میں سپر سٹار کی اصطلاح پہلی بار راجیش کھنا کے لیے ہی استعمال کی گئی تھی۔
شاہ رخ خان کو دہائی کا بہترین اداکار اور راکیشن روشن کو بہترین ہدایتکار قرار دیا گیا۔ ایوارڈ دینے کی تقریب آئیفا کے تین روزہ پورگرام کا آخری حصہ تھا۔
آئیفا ایوارڈوں کی پہلی تقریب لندن کی ملینیم ڈوم میں سن دو ہزار میں منعقد ہوئی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















