کیٹ کی دوستی کس سے
- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
رحمن کو اعزاز

موسیقار اللہ رکھا رحمن کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا ہے۔ رحمن نے اس اعزاز کو حاصل کر کے شاید سب سے زیادہ خوشی محسوس کی تبھی تو انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ علی گڑھ کے اس علمی حلقے میں اے پی جے عبدالکلام ، ڈاکٹر ذاکر حسین خان، عبدالغفار خان، مولانا محمد علی جوہر اور راجہ راؤ جیسی شخصیات شامل ہیں اور مجھے اس علمی حلقے میں شامل ہونے اور ان لوگوں کے برابر مقام حاصل ہونے پر فخر ہے۔
رحمن کا شمار اس وقت دنیا کے چند انتہائی کامیاب اور قابل موسیقاروں میں کیا جارہا ہے۔ فلم سلم ڈاگ ملینئیر کی موسیقی نے انہیں کئی غیر ملکی ایوارڈ دلائے۔ اس وقت رحمن ہندستان ہی دنیا کے سب سے مصروف اور نامور موسیقار بن چکے ہیں۔ ممبئی چینئی کے علاوہ لندن اور امریکہ میں ان کے دفاتر ہیں اور ہالی وڈ فلمساز ان کے ساتھ کام کرنے میں فخر محسوس کر رہے ہیں۔ تھری چیئرز فار رحمن۔۔۔
جیلینیا کی مائیکرو منی
اب اگر جیلینیا ڈیسوزا مائیکرو منی کے ساتھ ممبئی کے ساحل بینڈ سٹینڈ پر نظر آئیں گی تو کس کافر کی نظریں اسے دیکھنے کے لیے نہ اٹھیں گی؟ یہی حال گزشتہ روز ہوا جب کین گھوش کی فلم جس میں شاہد کپور اور جیلینیا ڈیسوزا ہیں، شوٹنگ کے لیے باندرہ کے ساحل پر پہنچے۔ یہاں باندرہ ورلی سی لنک بن کر تیار ہے اور کین چاہتے تھے کہ پہلے اس خوبصورت منفرد پُل کے پس منظر میں وہ اپنی فلم کی شوٹنگ کر لیں۔ شاہد ساحل پر موجود تھے لوگوں کا جم غفیر پہلے سے تھا لیکن جیسے ہی جینیلیا وہاں پہنچیں انہیں دیکھنے کے لیے لوگوں کا ہجوم بڑھنے لگا۔
اگر ہم کہیں کہ ہزاہا لوگ جمع ہو گئے تھے تو مبالغہ نہ ہو گا۔ پولیس کا اس بھیڑ پر قابو پانا مشکل ہو رہا تھا آخر کار ڈائرکٹر کو شوٹنگ منسوخ کرنی پڑی۔
برہنہ اشتہار
آپ کو تو پتہ ہی ہے کہ آج کل فلموں میں حسیناؤں کے نہیں مردوں کے جسم کی نمائش کرنے کی دوڑ لگی ہے۔ فلمساز مدھر بھنڈارکر نے اپنی فلم ’جیل‘ میں نیل نتن مکیش کو مکمل برہنہ دکھایا ہے۔ ویسے بھنڈارکر کا کہنا ہے کہ یہ منظر فلم کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ہم اس بات سے متفق بھی ہیں لیکن کیا ضروری تھا کہ اسی منظر کو وہ اپنی فلم کے اشتہار کے لیے ٹی وی چینل پر استعمال کریں۔ نہیں نا ! بس سینسر بورڈ نے اس پر اعتراض کیا اور اب بھنڈارکر نے اس اشتہار کو واپس لینے کا فیصلہ کر لیا۔۔۔۔ کیا خوب پبلسٹی کا طریقہ ہے بھئی۔ بھنڈارکر کا مقصد تو پورا ہو ہی گیا۔
کیٹ کی دوستی

کیٹ کی جان ابراہام اور ابھیشیک کے ساتھ دوستی؟ ہو ہی نہیں سکتی کیونکہ کیٹ کے دوست یا اس سے کچھ زیادہ، سلمان خان کے تعلقات ان دونوں کے ساتھ اچھے نہیں ہیں۔ پھر کیٹ ان کے ساتھ کرن جوہر کی فلم ’دوستانہ‘ کے سیکوئیل میں کام کے لیے رضامند کیسے ہو گئیں؟ خبریں گشت کرنے لگیں کہ اب سلمان اور کیٹ کی دوستی میں دراڑیں پڑ رہی ہیں۔۔۔۔ قطرینہ نے اپنے فیصلے خود کرنے شروع کر دیے ہیں۔۔۔۔وغیرہ ۔۔۔۔ ہم ان دل جلوں کو بتا دیں کہ کیٹ سلمان خان کے ساتھ ان کی فلم کے سیٹ پر پانچ گھنٹوں تک رہیں دونوں نے ایک ساتھ پھر ڈنر بھی کیا۔
ڈینی کا ممبئی عشق
ڈینی کو ممبئی سے عشق ہو گیا ہے۔ ہونا ہی تھا۔ اب اگر جو فلم انہیں ان کی زندگی اور ان کے کیریئر میں آٹھ آسکر ایوارڈ دلا سکتی ہے کوئی اسے کیسے بھول سکتا ہے بھلا؟ ڈینی نے اسی لیے ایک تو شیکھر کپور کی فلم ’پانی‘ کو پروڈیوس کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اسی کے ساتھ اب وہ انوراگ کیشیپ کے ساتھ مل کر ممبئی کی زندگی پر ایک اور فلم بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ہم تو چاہیں گے کہ ان فلموں کو بھی آسکر ایوارڈ ملے لیکن اسی کے ساتھ ہم بالی وڈ فلمسازوں کو خبردار بھی کرنا چاہتے ہیں کہ سنبھل جائیں۔۔۔
سونم راکیش کی صاحباں
غلط مت سمجھیے صاحباں تو مرزا کی ہو گی کیونکہ پیار محبت کی اس کہانی کے کردار کیسے بدل سکتے ہیں بھلا۔ ہم دراصل بتانا چاہتے ہیں کہ راکیش اوم پرکاش مہرہ مرزا صاحباں پر فلم بنانے کی تیاری میں ہیں اور اس کے لیے انہوں نے سونم کا انتخاب کر لیا ہے۔ اب تلاش ہے تو سونم کے مرزا کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رتنم کا ریکارڈ
ہمیں پتہ نہیں کہ رتنم نے جو کیا وہ ورلڈ ریکارڈ بن سکتا ہے یا نہیں لیکن ہم اتنا ضرور جانتے ہیں کہ اب تک کسی بھی بالی وڈ ہدایت کار نے ایسا کام نہیں کیا۔ ارے بھئی چونتیس گھنٹوں تک مسلسل شوٹنگ؟ بیچارے سٹارز کی کیا حالت ہوئی ہو گی؟ رتنم اپنی فلم راون کی شوٹنگ کیرلا میں کر رہے ہیں آپ کو تو معلوم ہے نا کہ اس فلم میں ایشوریہ اور ابھیشیک ہیں؟ لیکن ایک منٹ۔۔ ایک منٹ ٹھہریے ہمیں پتہ چلا کہ یہ شوٹنگ ان کے ساتھ نہیں بلکہ اس فلم کے دوسرے ستارے گووندا کے ساتھ ہوئی تو افسوس نہیں ہوا۔ کیوں؟ نا نا ہم گووندا کو بہت پسند کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی یہ بھی جانتے ہیں کہ وہ کس طرح سیٹ پر دیر سے آتے ہیں شاید اسی لیے رتنم نے ان کی سزا کے طور پر ایک ساتھ شوٹنگ ختم کر لی؟
شاہ رخ کا کوئیز

شاہ رخ اب ٹی وی پر کروڑ پتی بننے کی خواہش رکھنے والوں سے سوالات نہیں پوچھیں گے بلکہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پلاننگ اینڈ مینجمینٹ کے طلبا کے ساتھ کوئیز کھیلیں گے۔ انسٹی ٹیوٹ نے شاہ رخ کے ساتھ تین سال کا معاہدہ کیا ہے۔
راجیو چیناب گاندھی میں
سنجے لیلا بھنسالی نے آخر کار اپنا ہیرو سائن کر ہی لیا۔ امیتابھ بچن خان عبدالغفار خان کا رول کریں گے لیکن بھنسالی کو اس فلم کے لیے ایک ہیرو کی تلاش تھی۔ رتیک کا نام سامنے آیا لیکن بھنسالی نے آخر راجیو کھانڈیلوال کو منتخب کر لیا۔ راجیو جنہیں ان کی پہلی فلم ’عامر‘ میں اداکاری کے لیے بہت سراہا گیا تھا۔
آئیفا ایوارڈ
ہر سال آئیفا ایوارڈ فنکشن آتا ہے اور کچھ بڑے فلمی ستارے چھٹیاں منانے چلے جاتے ہیں۔ اب تک تو شاہ رخ خان اپنی فیملی کے ساتھ جاتے رہے لیکن خبریں گشت کر رہی ہیں کہ اس سال اکشے بھی اس میں شریک نہیں ہوں گے۔ وہ اپنے بیٹے آرو اور بیوی ٹوئینکل کھنہ کے ساتھ امریکہ میں چھٹیاں منانے جا رہے ہیں؟ اور تو اور فرح خان جنہیں فلم دوستانہ میں ان کے کوریو گراف کیے گئے رقص دیسی گرل کے لیے ایوارڈ دیا جانا ہے یہ کہہ دیا کہ وہ اپنی بچیوں کی وجہ سے اتنی دور نہیں جا سکتی ہیں۔ یہ کیا ہو رہا ہے بھئی ہمیں لگتا ہے کہ امیتابھ بچن اور کنگ خان یعنی بالی وڈ کے دو شہنشاہوں کو اب اپنے اختلافات بھلا دینے چاہیں ورنہ پتہ نہیں آئیفا کا مسقبل کیا ہو؟
اظہر کے خواب کی تکمیل
اظہرالدین کو کون نہیں جانتا وہی سلم ڈاگ ملینئیر کا چائلڈ آرٹسٹ جو بڑا ہو کر سلمان خان بننا چاہتا ہے۔ سلمان کو اس کی خواہش کا پتہ چلا اور انہوں نے اپنے شو دس کا دم میں تارے زمین پر کے چائلڈ آرٹسٹ درشیل سفاری کے ساتھ اظہر کو بلا لیا۔ اظہر سلمان کی فلم پارٹنر میں ان کی طرح بن کر سیٹ پر پہنچے۔
امیتابھ کا نیا روپ

امیتابھ بچن کے نئے روپ نے آخر سب کو چونکا دیا۔ فلم ’پا‘ میں انہیں ایک ایسا کردار ادا کرنا ہے جو بہت تیزی کے ساتھ بڑھاپے کی جانب بڑھ رہا ہو۔ یعنی ’دی کیوریس کیس آف بینجمن بٹن‘ کا الٹ۔ خیر وہ بات جانے دیجیے یہاں ہم بات کر رہے ہیں بگ بی کے میک اپ کی۔ اس میک اپ کے لیے لندن سے میک اپ مین بلائے گئے ہیں اور پورے پانچ گھنٹوں تک بگ بی پر میک اپ کیا جاتا ہے اس دوران وہ پانی بھی نہیں پی سکتے۔ خیر ہم تو اس فلم میں بگ بی کی اداکاری دیکھنے کے لیے بے چین ہیں دیکھیں بریڈ پٹ یا بگ بی کون شہنشاہ کہلانے کا حق دار ہے؟







