جیکسن شو کے ٹکٹوں کی قرعہ اندازی

لندن کے ’او ٹو‘ ایرینا میں مشہور پاپ گلوکار مائیکل جیکسن کے شو کے مزید ٹکٹ بدھ کو قرعہ اندازی کے ذریعے فروخت کیے جائیں گے۔
اطلاعات کے مطابق یہ ٹکٹ ’چند سو‘ سیٹوں کے ہیں جنہیں انتظامی امور کی بناء پر فروخت نہیں کیا گیا تھا۔
ان ٹکٹوں کے لیے ان شائقین کے درمیان قرعہ اندازی ہوگی جو ان میوزیکل شوز کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ پر رجسٹر ہیں۔
ان شوز کے لیے مارچ میں سات لاکھ پچاس ہزار ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے جو چند گھنٹوں میں فروخت ہوگئے تھے۔
لندن میں مائیکل جیکسن کے شوز کا آغاز طے شدہ پروگرام سے پانچ دن تاخیر سے تیرہ جولائی کو ہوگا۔ اس ٹور کے پروموٹرز اے ای جی نے ابتدائی چار شو کی تاریخوں میں ردوبدل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مائیکل جیکسن کو ڈریس ریہرسلز کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
مائیکل جیکسن سنہ دو ہزار پانچ سے بچوں پر جسمانی تشدد کے الزام میں بری ہونے کے بعد سے اپینے پیشے اور معاشرے میں عزت کو بہتر کرنے کی کوشش میں ہیں اور اس الزام سے بری ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا کہ وہ لندن میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
















