جائیداد خاندانی ٹرسٹ کے سپرد

مائیکل جیکسن کی وصیت لاس انجیلیز کی ایک عدالت میں درج ہوئی ہے جس کے مطابق ان کی تمام جائداد جیکیسن خاندان کے ٹرسٹ کے سپرد کی گئی ہے۔
پاپ میوزک کے شہنشاہ کہلائے جانے والے مائیکل جیکسن کی والدہ کیتھرین ٹرسٹ کی امین ہوں گی اور ان کے تین بچوں کی سرپرستی بھی انہی کی ذمہ داری ہوگی۔ تینوں بچوں کا نام بھی وصیت میں درج ہے۔
پانچ صفحات کی اس دستاویز پر سات جولائی سنہ دو ہزار دو کی تاریخ ہے اور اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مائیکل جیکسن نے ’ارادی طور پر اپنی سابقہ اہلیہ کو وصیت میں کچھ نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا‘۔
مائیکل جیکسن کی دیرینہ دوست اور گلوکار ڈیانا روس کو بھی اس صورت میں بچوں کا سرپرست بنایا گیا ہے اگر پاپ سٹار کی والدہ کھیترین کس وجہ سے یہ ذمہ داری نبھانے سے قاصر ہوں۔ کیھترین کو پیر کو مائیکل جیکسن کے تین بچوں کی عارضی سرپرستی سونپی گئی تھی۔
عدالت میں پیش کی جانے والی دستاویز کے مطابق وقتِ تحریر مائیکل جیکسن کے اثاثوں کی مالیت پانچ سو ملین ڈالر سے زیادہ تھی۔خبر رساں ادارے رائٹرز نے خبر دی ہے کہ وصیت کے مطابق مائیکل جیکسن فیملی ٹرسٹ سے ان کے تین بچوں، ان کی والدہ اور کچھ خیراتی اداروں کو فائدہ ہوگا لیکن ان اداروں کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

رائٹرز نے یہ بھی لکھا ہے کہ مائیکل جیکسن کی وصیت کے مطابق ’میں نے اپنی سابقہ اہلیہ ڈیبورا رو جیکسن کو بالارادہ کچھ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
ڈیبورا کی جیکسن سے انیس سو چھیانوے میں شادی ہوئی تھی لیکن تین برس بعد انہوں نے جیکسن سے علیحدگی کی دارخواست عدالت میں دائر کر دی تھی۔ انہوں نے بچوں کے وارث ہونے کے حقوق سے استثناء اختیار کیا تھا لیکن سنہ دو ہزار تین میں یہ فیصلہ بدل دیا تھا۔ سنہ دو ہزار چھ میں مائیکل جیکسن اور ان کی سابق اہلیہ کے درمیان معاملات طے ہوگئے تھے لیکن ان کی شرائط آج تک معلوم نہیں ہو سکیں۔’
مائیکل جیکسن کے وکلاء جان برانکا اور جان میکلین کہتے ہیں کہ اس وصیت کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ مائیکل جیکسن کی یہ زبردست خواہش تھی کہ ان کے بچوں کی سرپرستی قانونی طور پر ان کی والدہ کو حاصل ہو۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















