آخری رسومات کی ٹکٹوں پر مداح ٹوٹ پڑے

جیکسن
،تصویر کا کیپشنحکام نے دیگر مداحوں کوگھر میں رہ کرجیکسن کی آخری رسومات دیکھنے کا مشورہ دیا ہے

امریکی پاپ سنگر مائیکل جیکسن کی لاس اینجلس میں منگل کو ہونے والی آخری رسومات میں شرکت کے لیے17،500 مفت ٹکٹوں کے لیے پانچ لاکھ سے زائد لوگوں نے اپنے کوائف کا اندراج کروایا ہے۔

51 سالہ جیکسن گزشتہ ہفتے انتقال کر گئے ان کی آخری رسومات سٹیپلز سینٹر میں ادا کی جائیں گی۔شرکت کرنے والوں کا انتخاب سٹیپلز سینٹر ڈاٹ کام پر قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔

لاس اینجلس کی پولیس کا خیال ہے تقریباً سات لاکھ افراد اس علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کر سکتے ہیں لیکن اس علاقے کو سیل کر دیا جائے گا اور صرف انہیں لوگوں کو آگے جانے کی اجازت ہوگی جن کے پاس ٹکٹ ہوگا۔

جیکسن فیملی کے ترجمان کین سن شائن نے ایک بیان میں بتایا کہ ابھی تک پانچ لاکھ سے زائد لوگ ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے اپنے کوائف کا اندراج کروا چکے ہیں۔

ان رسومات میں شرکت کے لیے مجموعی طور پر گیارہ مزار ٹکٹ جاری کیے جائیں گے اور دنیا کے کسی بھی حصے سے لوگ ان ٹکٹوں کے لیے اپنے کوائف کا اندراج کروا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ساڑھے چھ ہزار ٹکٹ اور جاری کیے جائیں گے جن سے لوگ نزدیکی ایک تھیئٹر میں بیٹھ کر براہِ راست یہ رسومات دیکھ سکتے ہیں۔

افسران کے مطابق جن لوگوں کو ٹکٹ دینے کے لیے منتخب کیا جائے گا انہیں ٹکٹ ماسٹر کے ذریعے پیر تک یہ ٹکٹ حاصل کرنے ہوں گے۔

پہلے سٹیپلز سینٹر ڈاٹ کام نے کہا تھا کہ یہ ٹکٹ صرف امریکی شہری ہی حاصل کر سکتے ہیں لیکن اب افسران نے اس بات کی تردید کی ہے۔

حکام نے دیگر مداحوں کو اپنے گھر میں رہ کر اس عہد ساز گلوکار کی آخری رسومات دیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔