بالی وڈ ڈائری

جرمین گلوکار اور موسیقار عدنان سمیع کے ساتھ ایک البم بنانے کے لیے ممبئی تشریف لائے ہیں۔
،تصویر کا کیپشنجرمین گلوکار اور موسیقار عدنان سمیع کے ساتھ ایک البم بنانے کے لیے ممبئی تشریف لائے ہیں۔
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

ریمپ پر مقابلہ

انڈسٹری کے خانوں کے درمیان اب فلم نہیں بلکہ ریمپ پر مقابلہ ہونے والا ہے۔ گیارہ اکتوبر سے سولہ اکتوبر تک ممبئی میں فیشن ویک منایا جا رہا ہے۔ اس میں فلمساز کرن جوہر اپنے نام کے برانڈ کے لباس کے ساتھ مارکیٹ میں اتر رہے ہیں۔ اب اگر کرن جوہر کا شو ہو تا لامحالہ بغیر ایک منٹ سوچے آپ کہہ سکتے ہیں کہ شاہ رخ خان اس شو میں ریمپ پر ان کے لباس پہن کر چلیں گے۔

خبر میں دلچسپی اس وقت پیدا ہوئی جب پتہ چلا کہ اس شو میں سلمان خان غریبوں کی مدد کے لیے ان کی اپنی بنائی سماجی تنظیم ’بیئنگ ہیومن‘ کے لیبل کے ساتھ بنائی ٹی شرٹ گھڑیوں کی تشہیر کے لیے ریمپ پر اتریں گے۔اور تو اور خبر میں تڑکا اس وقت لگا جب معلوم ہوا کہ سلمان کے شو میں ان کا ساتھ دینے کے لیے عامر خان راضی ہو گئے۔ عامر جو کبھی ریمپ پر نہیں چلتے سلمان کے نیک مقصد کے لیے ان کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہو گئے لیکن صرف یہی نہیں ان کے ساتھ ساتھ سیف علی خان ، سنجے دت اور سنی دیول نے بھی حامی بھر لی ہے۔۔۔۔۔ ہے نا مقابلہ دلچسپ۔۔۔۔

جرمین جیکسن کا ڈنر

مائیکل جیکسن کے بڑے بھائی جرمین جیکسن نے گزشتہ شب بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے ساتھ ڈنر کیا۔ شلپا اس لیے خوش ہیں کیونکہ بگ برادر میں جرمین جیکسن ہی تھے جنہوں نے مصیبت کی گھڑی میں شلپا کی جذباتی اور اخلاقی طور پر مدد کی تھی۔ جرمین گلوکار اور موسیقار عدنان سمیع کے ساتھ ایک البم بنانے کے لیے ممبئی آئے ہیں۔

سلمان خان
،تصویر کا کیپشنسلمان خان غریبوں کی مدد کے لیے کرن جوہر کے فیشن شو میں شریک ہونگے

پچیس کروڑ روپیوں کا جوڑا

ویسے تو ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن کی جوڑی کی قیمت لگانا ممکن ہی نہیں ہے یہ ایک نایاب جوڑی ہے لیکن پھر بھی ایک صابن کمپنی نے ان دونوں کو ایک ساتھ صابن کے اشتہار میں تشہیر کے لیے لیا ہے اور انہیں پچیس کروڑ روپے کی پیشکش ہوئی ہے۔ ہمیں لگتا ہے کہ اتنی قیمت اس لیے بھی کہ پہلی مرتبہ یہ جوڑی کسی اشتہار میں ایک ساتھ نظر آئے گی۔ اس اشتہار کی شوٹنگ انڈیا نہیں بلکہ ملک سے باہر ہو گی۔

پریتی زندہ شو

آپ کہیں گے ارے بھئی سبھی جانتے ہیں کہ پریتی زنٹا زندہ ہیں اور خیر و عافیت سے ہیں ویسے ہم بھی کہاں کچھ غلط کہنے جا رہے ہیں ہم کہہ رہے ہیں کہ پریتی زنٹا اب جلد ہی ایک ٹی وی شو میں نظر آئیں گی جس کا نام ہے ’پریتی زندہ شو ‘۔ سننے میں آیا ہے کہ یہ شو دسمبر میں شروع ہو گا جس میں پریتی مشہور شخصیات کو انٹرویو کریں گی بیس قسطوں کے اس شو کے لیے پریتی کو دس کروڑ روپے ملیں گے۔ ویسے آپ کو نہیں لگتا کہ فلمی ہستیوں کے لیے ٹی وی انڈسٹری اب ان کا دوسرا گھر بنتا جا رہا ہے۔

پریتی نے سلمان خان کی آنے والی فلم ' میں اور مسز کھنہ ' میں مہمان اداکاری کے لیے سلو سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا۔
،تصویر کا کیپشنپریتی نے سلمان خان کی آنے والی فلم ' میں اور مسز کھنہ ' میں مہمان اداکاری کے لیے سلو سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا۔

جیکسن کی آخری فلم

مائیکل کے کروڑوں مداحوں کے لیے ایک خوش خبری ہے اور وہ یہ ہے کہ اس ماہ اٹھائیس اکتوبر سے دو ہفتوں کے لیے ممبئی کے ملٹی پلیکس میں مائیکل جیکسن پر بنی آخری فلم ’دِس اِس اِٹ‘ دیکھنے کو ملے گی۔ دراصل مائیکل لندن میں ہونے والے شو میں رقص کی تیاریاں کر رہے تھے اس وقت کی ویڈیو ریکارڈنگ کو ملا کر ایک فلم تیار کی گئی ہے۔ مائیکل کے پرستاروں کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہو گا جب وہ پاپ موسیقی کے شہنشاہ کی زندگی کے آخری لمحات کو پردے پر دیکھ سکیں گے۔ ستائیس اکتوبر کو یہ فلم لاس اینجلیس میں دکھائی جائے گی اس کے بعد ممبئی ، ماسکو ، پیرس اور سڈنی جیسے شہروں میں لوگ اسے دیکھ سکیں گے۔

پریتی زنٹا کی دلداری

خوبصورت لیکن دلدار پریتی زنٹا اچھی طرح جانتی ہیں کہ دوستوں کے ساتھ کیسے وفا کی جاتی ہے۔ ناں ہم یہاں ان کی کسی سابق دوستی کی بات نہیں کر رہے ہیں۔ بات ہو رہی ہے سلمان خان اور پریتی کی دوستی کی۔ سلو اور پریتی کافی اچھے دوست ہیں اور اسی لیے پریتی نے سلو کی آنے والی فلم ’میں اور مسز کھنہ ‘ میں مہمان اداکاری کے لیے سلو سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا۔

کرینہ کے تین کِس

فلمی پردے پر بوسہ کے مناظر اب کوئی نئی بات نہیں رہی لیکن کچھ مناظر لوگوں کو یاد رہ جاتے ہیں جیسے کرشمہ کپور اور عامر خان کے درمیان فلم ' راجہ ہندستانی ' میں لیا گیا بوسہ۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ فلمی پردے پر اب تک کا لیا گیا سب سے طویل بوسہ تھا۔ خیر ہم پہیلیاں بوجھانے کے بجائے بتادیں کہ اب ہیرو یعنی عامر تو ہی ہیں لیکن ہیروئین بدل گئی ہے یعنی اب کرشمہ کی جگہ بے بو یعنی کرینہ نے لے لی ہے۔ دونوں تھری ایڈیٹس میں ایک ساتھ پردے پر نظر آئیں گے اور اس فلم میں دونوں نے تین کِس دیے ہیں لیکن فلم کا اختتام ہی دونوں کے بوسے پر ہو گا۔