بالی وڈ ڈائری
- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
سلمان کی عامر کو مات

سلمان خان نے عامر خان کو مات دے دی۔ سلو کی حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم ’وانٹیڈ‘ نے اس سال کا اب تک کا ریکارڈ توڑ بزنس کیا ہے۔ پورے ملک میں باکس آفس پر اس فلم نے محض دو ہفتوں میں گیارہ کروڑ سترہ لاکھ روپے جمع کر لیے جو عامر کی فلم گھجنی سے بھی زیادہ ہیں۔ انڈسٹری میں کسی نے کہا سلمان واپس آچکے ہیں لیکن سب کو حیرت ہوئی کہ سلمان آخر کہاں گئے تھے۔ انڈسٹری میں سلمان کو ایسے سٹار کے طور پر جانا جاتا ہے جن کی فلمیں چاہے فلاپ ہوں لیکن وہ کبھی فلاپ نہیں ہوتے اور نہ ہی ان کی مقبولیت میں کمی واقع ہوتی ہے۔
مائیکل کو عدنان کا خراج عقیدت
موسیقی کی دنیا میں ایسا کون سا موسیقار یاگلوکار ہو گا جو پاپ گیتوں کے شہنشاہ مائیکل جیکسن کو اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش نہ کرنا چاہتا ہو۔ گلوکار سونو نگم نے تو مائیکل کے نغموں کو اپنی آواز میں سٹیج پر گا کر مائیکل کو یاد کیا لیکن اب گلوکار اور موسیقار عدنان سمیع اپنے انداز میں انہیں خراج عقیدت پیش کرنا چاہتے ہیں۔ وہ مائیکل کے بڑے بھائی جیرم جیکسن کے ساتھ مل کر ایک البم بنائیں گے جب ان کے بھائی جیروم جیکسن انڈیا میں کروڑوں پرستاروں سے ملنے کے لیے دو اکتوبر کو ممبئی آ رہے ہیں۔
جولیا کے اعزاز میں چھوٹی بیگم کا ڈنر

بالی وڈ میں کرینہ کپور کو آج کل چھوٹی بیگم کہا جا رہا ہے اور کیوں نہ ہو وہ چھوٹے نواب سیف علی خان کی ہونے والی بیوی جو ہیں۔ خیر بات ہو رہی ہے جولیا رابرٹس کی جو پٹوڈی کے گاؤں میں اس وقت ریان مرفی کی فلم ایٹ پرے اور لو کی شوٹنگ کر رہی ہیں۔ چھوٹی بیگم کو انڈسٹری میں جولیا کی میزبان بننے کا اعزا حاصل ہوا ہے لیکن کرینہ دراصل جولیا سے اس لیے بھی ملنا چاہتی ہیں کیونکہ وہ ان کی فلم ’سٹیپ موم‘ کے ہندی ورژن میں ان کا کردار نبھانے والی ہیں۔
ایش کی سزا
ڈریس ڈیزائنر نیتا للا کو کیا پتا تھا کہ سشمیتا سین کو اپنے ڈیزائن کیے ہوئے لباس کے ساتھ ریمپ پر اتارنا انہیں اتنا مہنگا پڑے گا۔ نیتا جو کبھی ایشوریہ رائے کی خصوصی ڈریس ڈیزائنر ہوا کرتی تھیں اب ایش نے انہیں اپنے کیمپ سے باہر کا راستہ دکھا دیا۔ آج کل ایش منیش ملہوترہ کے ڈیزائن لباس پہن رہی ہیں۔ نیتا بے بی کیا آپ اس بات سے واقف نہیں تھیں کہ انڈسٹری میں کبھی بھی سٹار کے حریف کی نہ تو تعریف کی جاتی ہے اور نہ ہی ان سے ربط رکھا جاتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
میری وین کے بغیر نہیں
سبھی جانتے ہیں کہ یش راج سٹوڈیو میں کسی بھی سٹار کو اپنی وین اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہوتی ہے۔ انہیں سٹوڈیو کے میک اپ روم میں ہی اپنا میک اپ کرنا ہوتا ہے سلمان سٹوڈیو میں شوٹنگ کے لیے اپنی وین میں پہنچے۔ دربان نے انہیں روک لیا۔ سلمان بضد کہ وہ اپنی وین کے بغیر اندر نہیں جائیں گے۔ بات یش جی تک پہنچی اور انہوں نے سلمان کے لیے سٹوڈیو کے قانون کو بدل دیا۔
اکشے کی پسند

کیا آپ جانتے ہیں کہ کسرت کرتے ہوئے اکشے کمار کیا کرتے ہیں؟ ہمیں کہاں علم تھا۔ وہ تو اس وقت پتا چلا جب خود اکشے نے موسیقار اے آر رحمن کے سامنے قبول کیا کہ انہیں رحمن صاحب کی فلم ’روجا‘ کے نغمے اتنے پسند ہیں کہ وہ کسرت کے دوران فلم کی موسیقی کا کیسٹ لگا دیتے ہیں اور پھر دیر تک ان کی کسرت جاری رہتی ہیں۔
ڈینی بوئل کی فلم میں اب جان بھی
برطانوی ہدایت کار ڈینی بوئیل اور انوراگ کیشیپ کی مشترکہ فلم ’بامبے ویلویٹ‘ میں شاہ رخ خان اور عامر خان کے بعد اب جان ابراہام بھی اداکاری کریں گے۔ انڈسٹری کے ان بڑے سٹارز کے ساتھ فلم شروع کب ہو گی اور اس کی ہدایت کاری کون کرے گا یہ ابھی طے نہیں ہوا ہے لیکن ہمیں یہ فکر ضرور ہے کہ کیا یہ فلم بھی سلم ڈاگ کی طرح اتنے ہی آسکر ایوارڈز لانے میں کامیاب ہو سکے گی؟
کھلاڑی کی دریا دلی
کھلاڑیوں کے کھلاڑی انڈسٹری میں اپنے سٹنٹ خود کرنے اور کامیڈی رول کرنے کے لیے مشہور ہیں لیکن کسے پتہ تھا کہ ان کا دل بھی موم کی طرح ہے۔ خبریں ہیں کہ کھلاڑی نے یہ طے کیا ہے کہ وہ فلموں میں سٹنٹ کرنے والوں کی فلاح کے لیے ایک فاؤنڈیشن بنائیں گے۔ اب سے فلموں کے ہر سیٹ پر دو ایمبولینس بھی موجود رہیں گی تاکہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد مل سکے۔
نو انٹری پارٹ ٹو
کامیڈی فلم ’نو انٹری‘ طونی کی کامیاب فلموں میں سے ایک تھی۔ انیس بزمی کی ہدایت میں بنی اس فلم میں سلمان خان، انیل کپور اور فردین خان تھے۔ فلم ’وانٹیڈ‘ کی شاندار کامیابی کے بعد اب بونی نے نو انٹری کا سیکوئیل بنانے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اس فلم میں تینوں سٹارز ڈبل رول میں نظر آئیں گے اور فلم کا نام ہو گا ’بی پازیٹیو‘۔
ایشوریہ کو ایوارڈ

کئی ایوارڈ حاصل کر چکی خوبصورت ایشوریہ رائے کو ایک اور ایوارڈ سے نوازا جا رہا ہے۔ آٹھ جیوری ممبران پر مشتمل کمیٹی نے ایشوریہ رائے کو ’گلوبل فیس آف دی ائر‘ کے لیے منتخب کیا ہے۔ ایش کی فلمیں چاہے آج کل اتنی مقبول نہ ہو رہی ہوں لیکن یہ تو طے ہے کہ سلمان کی ہی طرح لوگوں میں اتنی ہی مقبول ہیں۔ ویسے سلو کو چاہے ایوارڈز نہ ملے ہوں لیکن اس معاملہ میں ایش ان سے کافی آگے ہیں انہیں وی شانتا رام ایوارڈ کے بعد اس سال پدم شری ایوارڈ ملا، پھر انہیں انٹرنیشنل آئیکون کا ایوارڈ دیا گیا۔ اب ہمیں یہ معلوم نہیں کہ حریف ہیروئینز ایش کی خوش قسمتی کے بارے میں کیا سوچتی ہیں۔
اور جب شاہ رخ نے پیر چھوئے
سیٹ پر موجود ہر آرٹسٹ کی اس وقت آنکھیں نم ہو گئیں جب کنگ خان نے اپنے میک اپ آرٹسٹ روی اندل کمار کے پیر چھوئے۔ خان نے کہا کہ روی ماما کی وجہ سے ہی وہ پردے پر اتنے خوبرو نظر آتے ہیں کہ لڑکیاں ان کی دیوانی ہوئی ہیں۔ خان کی اس انکساری سے متاثر کرینہ کپور نے اپنے بالوں کی سٹائلسٹ ہیما ساونت کے پیر چھو لیے۔




















