بالی ووڈ ڈائری

کرینہ کپور
،تصویر کا کیپشنشادی سے انکار کیوں؟
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

عامر خان ہسپتال میں

ممبئی کے مضافاتی علاقے واشی کے ایک ہسپتال میں عامر ایک ہفتے سے ہیں۔۔۔نا نا، یہ کوئی بری خبر نہیں ہے بلکہ وہ اپنی فلم 'تھری ایڈیٹس' کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ فلم کے ہدایت کار راج کمار ہیرانی ایک ہفتے سے ہسپتال میں عامر اور کرینہ کپور کے ساتھ شوٹنگ کر رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم میں ان اداکاروں کے اطراف نقلی ڈاکٹر یعنی اداکار نہیں بلکہ اصلی ڈاکٹر اور وارڈ بوائے رہیں گے۔ ہیرانی نے اس سے پہلے بھی 'منا بھائی ایم بی بی ایس' میں ممبئی شہر کے جے جے ہسپتال اور پونے یونیورسٹی میں فلم کی شوٹنگ کی تھی۔ ویسے اب ہسپتال کے ڈاکٹر مریضوں سے زیادہ اپنے چہیتے اداکاروں سے آٹو گراف لینے اور ان کے ساتھ تصویریں کھنچوانے میں زیاد مگن ہیں۔

شترو ریکھا کی جوڑی

ویسے شتروگھن سنہا یعنی شاٹ گن سنہا پورے چھتیس برسوں بعد اپنی بیوی پونم کے ساتھ پردہ سیمیں پر ایک ساتھ نظر آئیں گے لیکن پردے پر ان کے مد مقابل بطور ہیروئین ان کی بیوی نہیں بلکہ ریکھا ہوں گی۔ ہدایت کار راج کمار سنتوشی کی فلم 'آج پھر جینے کی تمنا ہے' نے ریکھا اور شترو کے درمیان تیس سالہ رنجش کو ختم کر دیا۔ بہت خوب، ہمیں تو لگتا ہے کہ اس فلم کا نام 'مٹ گئی دوریاں' ہونا چاہیے تھا۔

سلمان کی پینٹنگز کی نیلامی

چلیے اب پہلی مرتبہ سلمان خان اپنی مصوری کو لوگوں کے سامنے لانے جا رہے ہیں۔ اب تک سلمان خان نے اپنی بنائی ہوئی پینٹنگز کو اپنے دوستوں کو بطور تحفہ دیا تھا لیکن اب وہ انہیں نیلام کریں گے اسی کے ساتھ وہ اپنی ڈیزائن کی گئی گھڑیاں بھی نیلام کریں گے۔ ویسے یہ نیلامی صرف ممبئی میں نہیں ہو گی بلکہ آن لائن ہو گی تاکہ دنیا بھر میں ان کے چاہنے اور سماجی کام میں دلچسپی رکھنے والے بھی اس میں حصہ لے سکیں۔ اس سے ملنے والی رقم 'بیئنگ ہیومن' نامی ادارے کو دیں گے جو ان کا اپنا بنایا ہوا سماجی ادارہ ہے۔

قطرینہ کپور
،تصویر کا کیپشنمیں بھی ابھی شادی نہیں کر سکتی

رنبیر کی گھبراہٹ

فلم 'ویک اپ سد' کے سیٹ پر رنبیر کپور پر ایک سین فلمایا جا رہا تھا۔ ان کے سامنے سیکسی اداکارہ کشمیرا شاہ تھیں جنہیں فلم کے پردے پر رنبیر کپور کو لبھانا تھا۔ اب رنبیر تھے کہ ری ٹیک پر ری ٹیک دے رہے تھے۔ سیٹ پر موجود لوگوں نے قبول کیا کہ اس وقت ان کے چہرے پر گھبراہٹ سی تھی۔ وہ نروس ہو رہے تھے۔۔۔آپ کو کیا لگتا ہے اس وقت سیٹ پر ان کی اپنی محبوبہ دیپکا تو نہیں موجود تھیں جن کی موجودگی میں وہ نروس ہو رہے تھے۔۔۔

راکیش کی مشکلیں

راکیش روشن آج کل بہت پریشان ہیں کیونکہ ان کی فلم ' کائٹس' جسے وہ ہندوستان کے علاوہ غیر ممالک میں ایک ساتھ نمائش کے لیے پیش کرنا چاہتے ہیں، ان کی فلم کو خریدنے کے لیے کسی بھی ہالی وڈ سٹوڈیو نے دلچسپی نہیں دکھائی ہے۔ مندی کے اس دور میں انہیں ان کی فلم کے لیے اتنی قیمت بھی نہیں مل رہی ہے جتنی کہ انہوں نے توقع کی تھی۔ انہوں نے کانز فلم فیسٹیول میں کائٹس کی پبلسٹی کی کوشش کی۔ ریڈ کارپیٹ پر ہالی وڈ اداکارہ باربرا موری اور رتیک دونوں چلے۔ لوگوں کی توجہ مبذول کرائی لیکن نتیجہ صفر نکلا اب بیچارے راکیش روشن خود کچھ دنوں سے ہالی وڈ میں قدم جمائے بیٹھے ہیں تاکہ سٹوڈیوز کو اپنی فلم خریدنے کے لیے راضی کر سکیں۔

گٹار کی ادلا بدلی

شاہ رخ خان اور سلمان خان چاہے آپس میں دوست نہ ہوں ( کچھ دنوں سے ) لیکن ان کے گٹار ایک دوسرے کو پہچانتے ہیں۔۔۔ہوا یوں کہ سلو ورلی کے فیمس سٹوڈیو میں شوٹنگ کر رہے تھے۔ ان کے پاس گٹار تھا جسے انہیں بجانا تھا۔ اسی دوران شاہ رخ اپنی فلم 'دولہا مل گیا' کے سیٹ پر شوٹنگ کے لیے پہنچے، اس فلم میں انہیں بھی گٹار بجانے کا منظر فلمانا تھا۔ عین وقت پر پتہ چلا کہ شاہ رخ کا گٹار خراب ہو گیا ہے۔ کوریو گرافر احمد خان کو ایک تو بڑی مشکلوں سے شاہ رخ کی تاریخیں ملی تھیں اور وہ اسے کسی صورت میں اسے ہاتھ سے جانے دینا نہیں چاہتے تھے۔

اسی وقت گٹار سپلائی کرنے والوں نے بتایا کہ ایسا ہی ایک گٹار انہوں نےسلمان خان کو دیا ہے۔ بس کیا تھا۔ ایک نوبل آئیڈیا لوگوں کے دماغ میں آیا وہ سلو کے سیٹ پر پہنچے اور جیسے ہی سلو اپنی شوٹنگ ختم کر کے اپنے وینٹی وین میں پہنچے گٹار بدل دیا گیا۔۔۔۔ اب دعا کیجیے کہ سلو کو اس بات کی خبر نہ ہو ورنہ ۔۔۔

پریانکا چوپڑہ
،تصویر کا کیپشنصوفوں پر شراب اور لپ سٹک کے نشانات

پارٹی سے توبہ

فلمی ستاروں کا یا یوں کہہ لیجیے کہ فیشن کی اس رنگ برنگی دنیا میں پارٹی دینا ایک فیشن ہے اور لوگ پارٹی دینے کے بہانے ڈھونڈتے رہتے ہیں لیکن پرینکا چوپڑہ نے پارٹی دینے سے توبہ کر لی ہے۔ ارے بے بی ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے جب آپ کی دی گئی پارٹی کے فلم انڈسٹری میں چرچے تھے! جس میں آپ نے ہالی وڈ اداکار گیرارڈ بٹلر کو مدعو کیا تھا۔ شور غل کے خلاف پڑوسیوں نے پولیس میں شکایت کی تھی۔۔۔ہاں شاید اس لیے پرینکا نے پارٹی دینے سے توبہ کر لی ہو ۔۔۔ ہم یہی سمجھے بیٹھے تھے کہ ان کی قریبی دوست نے بتایا کہ اصل وجہ کچھ اور ہے۔۔۔ پرینکا اس رات مہمانوں کی دیکھ بھال میں اتنی کھو گئیں کہ صبح سات بجے تک بھوکی رہ گئیں اور جب انہوں نے مہمانوں کے جانے کے بعد دیکھا تو ان کے انتہائی قیمتی صوفوں پر ان کی قیمتی اشیا پر شراب، لپ سٹک وغیرہ کے نشانات ملے۔ بس اب پرینکاکسی کو بھی پارٹی نہیں دیں گی اور اگر دی ہی تو کم سے کم گھر پر تو نہیں بلائیں گی۔

چنکی کو ملی ٹپ

اداکار چنکی پانڈے تو آپ کو یاد ہیں نا۔۔۔نہیں یاد ۔۔۔جب آپ کو نہیں معلوم تو پھر اطالوی ادارکارہ مونیکا بیلوسی انہیں کیسے پہچانتیں۔۔۔چنکی دبئی میں اپنی بیوی کے ساتھ ہوٹل میں تھے کہ انہیں اطلاع ملی کہ مونیکا بھی وہاں آنے والی ہیں وہ فورا نیچے اترے لیکن ہوٹل کے پاس گاڑیوں کا اژدہام دیکھ کر انہوں نے خود گاڑیوں کو ہٹانے کی کوشش کی تاکہ مونیکا کی گاڑی ہوٹل کے دروازے تک جلد پہنچے اور وہ ان سے بات کر سکیں۔ مونیکا نے چنکی کو نہیں پہچانا اور انہیں دربان سمجھ کر انہیں پانچ سو درہم بخشش دے دی۔۔۔چچ۔۔۔چچ چنکی چلیے آپ کو سمجھانے کے لیے ہم بتادیں کہ ماضی میں انہوں نے انیل کپور کے ساتھ فلم تیزاب میں کام کیا تھا اور حال ہی میں ان کی فلم سنکٹ سٹی نمائش کے لیے پیش ہوئی ہے۔

رحمان کے لیے ڈگریوں کی قطار

دنیا بھر میں مشہور موسیقار اے آر رحمن کے فن کی قدر کرتے ہوئے اب انہیں کئی ممالک اعزازی ڈگریاں تفویض کر رہے ہیں۔ حال ہی میں انہیں لندن کی ایک یونیورسٹی نے اعزازی طور پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا اس سے پہلے انہیں علی گڑھ یونیورسٹی یہ اعزاز دے چکی ہے اور جلد ہی مدراس یونیورسٹی انہیں نوازنے والی ہے۔

ماں کی پسند

فلمی دنیا میں ہر کوئی جانتا ہے کہ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی اپنی ماں سے بہت قریب ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ ان کا حکم بھی نہیں ٹالتے۔ فلم چناب گاندھی میں بطور ہیرو کام کرنے والوں کی لائن لگی تھی لیکن انہوں نے فلم 'عامر' کے ہیرو راجیو کھنڈیلوال کو سائن کر لیا۔ راجیو کی ہندی اور اردو بہت اچھی ہے لیکن ایک اور وجہ یہ تھی وہ ان کی والدہ کوبہت پسند ہیں۔ انہوں نے راجیو کو ٹی وی کے کئی مشہور سیرئیلز میں کام کرتے دیکھا جو انہیں بہت پسند آیا تھا۔

عائشہ ٹاکیا
،تصویر کا کیپشنعائشہ ٹاکیا نے فلموں سے کنارہ کشی اختیار کر لی

عائشہ بنی فیشن ڈیزائنر

فرحان اعظمی سے شادی کے بعد اداکارہ عائشہ ٹاکیا نے فلموں سے تو کنارہ کشی اختیار کر لی لیکن انہوں نے ایک نیا شعبہ ڈھونڈھ لیا ہے فیشن ڈیزائننگ کا۔ عائشہ اب کپڑے ڈیزائن کریں گی ان کا اپنا برانڈ ہو گا اور بہت جلد وہ گوا میں اپنا بوتیک بھی کھولیں گی۔

قطرینہ اور کرینہ تیار نہیں

قطرینہ اور کرینہ کی شادی کے لیے ان کے ممکنہ سسرال والے بہت جلدی میں ہیں۔ جلدی کیا بلکہ یوں کہیے کہ وہ انتظار کر کے تھک چکے ہیں۔ قطرینہ کے دوست سلمان خان کے گھر والے چاہتے ہیں کہ سلو بھیا جلد از جلد شادی کر لیں لیکن قطرینہ کا کہنا ہے کہ ابھی ان کا کریئر گراف اُنچائیوں پر ہے اس لیے وہ اس وقت شادی کرنے کی غلطی نہیں کر سکتیں یہی جواب کرینہ کا بھی ہے جب کہ سیف کا والدہ شرمیلا ٹیگور نے اب کھل کر سیف کی شادی کی باتیں میڈیا کے سامنے کرنی شروع کر دی ہیں۔