فرح -خان دوستی میں دراڑ

شاہ رخ خان
    • مصنف, ریحانہ بستی والا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی

آپ چویبس گھنٹوں میں کتنے دوست بنا سکتے ہیں؟ چند یا شاید ایک بھی نہیں لیکن اگر بات بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی ہو تو پھر سترہ ہزار چار سو۔

اپنے قریبی دوست کرن جوہر کے بار بار کہنے پر آخر کار شاہ رخ نے سوشل سائٹ ٹوئیٹر پر اتوار کی صبح ڈھائی بجے ’iamsrk‘ جیسے ہی لکھا فلمی ہستیوں رتیش دشمکھ، فرحان اختر، ابھیشیک بچن سمیت پوری دینا میں ان کے پرستاروں نے ان کا خیر مقدم کرنا شروع کر دیا۔

خان برادری میں شاہ رخ آخری خان ہوں گے جنہوں نے اپنے پرستاروں سے روبرو ہونا منظور کیا۔ سلمان خان، عامر خان پہلے ہی بلاگ لکھتے رہے ہیں، سیف کو چھوڑ ہی دیجیے بیچارے کو کرینہ سے فرصت تو ملے۔

سلمیٰ کے قدم

پاکستانی گلوکارہ اور اداکارہ سلمی آغا جنہوں نے بالی وڈ سے ایک عرصہ قبل وداع لے لیا تھا دوبارہ اس انڈسٹری میں قدم رکھ رہی ہیں۔ کچھ دنوں سے اپنی بیٹی کے ہمراہ ممبئی میں فلم سٹوڈیو میں نظر آرہی سلمی آغا نے بپی لہری کے ساتھ فلم ’بچاؤ‘ کا ایک نغمہ اپنی آواز میں گایا ہے۔

سلمیٰ جنہوں نے فلم ’نکاح‘ میں اداکاری اور گلوکاری کے ساتھ بالی وڈ کی چند فلموں میں کام کیا تھا، پہلی اننگز کھیلنے کے بعد اپنے وطن پاکستان لوٹ گئی تھیں۔اس دوسری اننگز میں ہم ان کا خیر مقدم کرتے ہیں البتہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ کتنی کامیاب ہوں گی؟

دیسی ٹام کروز

ہالی وڈ کے ٹام کروز کی نقل تو ایک فلم میں ہمارے سیف علی خان نے کی تھی لیکن شاہد کپور حقیقت میں اپنے والد پنکج کپور کی ہدایت میں بننے والی فلم ’موسم‘ میں ٹام کروز کا رول ادا کریں گے جو ٹام نے اپنی فلم ’ٹاپ گن‘ میں کیا تھا۔

کروز اس فلم میں نیوی پائلٹ بنے تھے۔ شاہد البتہ ایئر فورس افسر بنیں گے جس کے لیے ایئر فورس اکیڈمی سے اجازت بھی طلب کر لی گئی ہے۔ چاکلیٹ لور بوائے کی امیج تو ان کی فلم کمینے سے ختم ہو چکی تھی دیکھیں سنجیدہ ٹام کروز ٹائپ اس کردار میں شاہد کتنے کامیاب ہوتے ہیں۔

کھلاڑی کی فیس

ودیا بالن

بالی وڈ گلیاروں میں خبریں گشت کرنے لگیں کہ کھلاڑی اکشے کمار نے اپنی دو فلموں میں کام کرنے کے لیے فیس نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ حیرت انگیز۔ فرح خان کی ہدایت میں بننے والی فلم ’تیس مار خان‘ اور پریہ درشن کی فلم ’کھٹا میٹھا‘ میں بغیر اپنی فیس لیے کام کرنے کے فیصلہ نے سب کو حیرت میں ڈال دیا۔

کہاں ایک فلم کے لیے تیس سے اکہتر کروڑ روپے تک بطور فیس وصول کرنے والے اکشے کا یہ قدم۔۔۔۔۔ لوگ کہنے لگے بیچارہ اکشے کیا کرے۔ اس سال یعنی گزشتہ برس اس کی کوئی فلم کامیاب نہیں ہوئی۔

اس لیے اپنی مارکیٹ بنائے رکھنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہو گا۔ لیکن ہمارے خبری کی رپورٹ تو کچھ اور ہی نکلی۔ پتہ یہ چلا کہ ان دونوں فلموں میں اکشے کی ’ہری اوم پروڈکشن‘ بھی منافع میں شراکت دار ہے۔ اب اگر اپنے ہی گھر کی کمپنی ہو تو پھر پیسہ لینے کا کیا فائدہ؟ فلم ہٹ تو منافع نہیں تو خسارہ بھی نہیں۔

گلزار ہدایت کاری کے میدان میں

ہمہ جہت فنکار نغمہ نگار سکرپٹ رائٹر اور ہدایت کار گلزار ایک بار پھر ہدایت کاری کے میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کی ہدایت میں بنی آخر فلم ’ہو تو تو‘ تھی جس میں تبو اور سنی شیٹی نے اداکار کی تھی۔

گلزار کا کہنا ہے کہ اس سے قبل انہیں کوئی اچھی کہانی نہیں ملی تھی لیکن اب انہیں لگتا ہے کہ جو کہانی ان کی بیٹی میگھنا گلزار نے ان کے سامنے رکھی ہے وہ اس قابل ہے کہ وہ پردے کے پیچھے سے کیمرہ لائٹس او کے کہنے کے لیے تیار ہو جائیں ۔ ارے ایک اہم بات بتانا تو بھول گئے کہ ان کی اس فلم میں ودیا بالن ہیروئین ہوں گی جو انہیں اپنی بیٹی کی طرح عزیز ہے۔

رانی دیپا کی جوڑی؟

ہمیں جو خبریں مل رہی ہیں اگر وہ صحیح ہیں تو پھر خوش ہو جایئے۔ اُڑتی اُڑتی خبر ملی ہے کہ رانی مکھرجی اور دیپا مہتہ سلمان رشدی کے ناول ’مڈ نائٹس چلڈرن‘ پر بننے والی فلم میں کام کریں گی۔

اس سلسلہ میں رانی نے دیپا اور سلمان کے ساتھ ٹورنٹو میں میٹنگ بھی کی۔ دیپا نے اس ملاقات کی تصدیق بھی کی لیکن ساتھ ہی کہا کہ ابھی سب کچھ فائنل نہیں ہے۔ اگر واقعی رانی اس فلم میں کام کرنا منظور کر لیتی ہیں تو پھر ایک بار پھر ناظرین کو ایک خوبصورت اداکارہ کی بہترین فنی صلاحیتوں کو دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔

ویسے اس فلم میں اب تک شبانہ اعظمی ، نندیتا داس اور سیما بسواس کے ناموں پر مہر لگ چکی ہے

فرح ۔ خان کی دوستی میں دراڑ

ابھیشیک بچن

فرح خان اور شاہ رخ خان کی دوستی میں دراڑیں پڑ چکی ہیں اور اسے مزید کھائی بنانے کی تیاری تو فرح کے شوہر سریش کندر نے کر دی۔ فرح اور خان کے درمیان دوستی میں دراڑ اس وقت پیدا ہوئی جب فرح نے شاہ رخ کے بجائے اکشے کمار کے ساتھ فلم ’تیس مار خان‘ بنانےکا اعلان کر دیا۔

اب فرح بھی کیا کرتی جبکہ شاہ رخ ان کے ساتھ فلم کرنے میں ایک عرصہ سے ٹال مٹول کر رہے تھے۔ اب فلم تو اناؤنس ہو گئی لیکن سنا یہ جا رہا تھا کہ دونوں کیمپ کے لوگوں نے دونوں خانوں کو قریب لانے کی کوشش کی اور اس میں کامیاب بھی ہو گئے تھے لیکن پھر اچانک ایک خبر نے فرح کو ہلا کر رکھ دیا۔

ان کے ہدایت کار شوہر کندر نے سلمان خان کو اپنی آنے والی فلم کے لیے سائن کر لیا اور یہ ڈیل سلمان کی سالگرہ والے دن ان کے پنویل والے فارم ہاؤس پر ہوئی۔ دوستی کے بدلتے چہرے پتہ نہیں اب کیا رنگ لائیں گے۔

پا، بے بی اور بہو

پا یعنی امیتابھ بچن، بیٹا ابھیشیک بچن یا پھر بہو ایشوریہ رائے کون کتنا مقبول ہے۔ امیتابھ بچن نے بگ باس کی میزبانی کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے لیے۔ ابھی یہ کامیاب شو ختم ہی ہوا تھا کہ بگ بی کو بگ باس کی پیشکش ہو چکی ہے۔

ادھر ابھیشیک بچن بھی بنگو گیم شو کی میزبانی کے ساتھ ہی ٹی وی کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں۔ سننے میں آیا ہے کہ ایشوریہ رائے کو بھی ایک چینل نے ’چیٹ شو‘ کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔

اب اگر وہ اسے قبول کر لیتی ہیں تو یہ فلمی فیملی شاید انڈسٹری کی سب سے مقبول فیملی بن جائے گی۔ ویسے سنا تو یہ بھی جا رہا ہے کہ بگ بی نے اپنی ہوم پروڈکشن فلم ’پا‘ کی کامیابی کے بعد ایک ایسی فلم بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں جیا بچن سمیت ان کا پورا خاندان ہو۔ چلیے بھئی فیملی بزنس اچھا پھل پھول رہا ہے۔