بالی وڈ ڈائری
- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی
شاندار تھری اڈیٹس

بے شمار فلاپ فلموں کے سال میں عامر خان کی فلم تھری ایڈیٹس نے باکس آفس پر بارہ کروڑ پچاس لاکھ روپیوں کی شاندار اوپننگ کی۔
اس سال کی چار کامیاب فلموں میں سے ایک ’لو آج کل‘ نے پہلے ہفتے آٹھ کروڑ روپیوں کا بزنس کیا تھا۔ اب تھری ایڈیٹس نے گزشتہ برس خود عامر کی ہوم پروڈکشن فلم گھجنی کے بھی ریکارڈ توڑ دیے۔ گھجنی نے پہلے ہفتے نو کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔ ویسے فلم اگر اچھا بزنس کرتی ہے تو پروڈیوسرز مالی منافع بٹورنے کے ساتھ اس کامیابی کا سہرا عامر کے سر ہی باندھتے ہیں وہ کیوں بھلا ؟ اداکاری کے ساتھ ساتھ ان کی بزنس اسٹریٹیجی کے لیے بھئی ۔۔۔۔
صنم تیرے لیے

اخبارات اور ٹیلی ویژن چینلز پر سلمان خان اور قطرینہ کیف کے درمیان بڑھتی دوریوں پر مصالحے دار چٹپٹی خبروں کے نشر کرنے سے بے فکر سلو، کیٹ بے بی کے ساتھ ہسپتال پہنچے۔ دوسری مرتبہ ایشیاء کی سب سے سیکسی خاتون کا خطاب حاصل کرنے والی کیٹ بے بی کا ایک عرصہ سے ہیموگلوبن کم ہو رہا تھا۔ ڈاکٹروں نے بیماری کی وجہ دریافت کر لی جس کے بعد ممبئی کے ایک ہسپتال میں کیٹ کا ایک گھنٹہ آپریشن چلا۔ سلو کا پورا خاندان کیٹ کے ساتھ ہسپتال میں موجود تھا۔ سلو نے ہسپتال کے سٹاف کے کہنے پر ان کے ساتھ تصویریں بھی کھنچوائیں۔ اب کیٹ آرام کرنے اور نئے سال کا جشن منانے لندن میں اپنی فیملی کے پاس پہنچ چکی ہیں اس لیے وہ سلمان کی چوالیسویں سالگرہ پر ان کے ساتھ شریک نہیں ہو سکیں۔۔۔۔ یاروں نے پھر خبر بنا دی سلمان اور کیٹ کا بریک اپ ۔
نصیر کی فراخ دلی
نصیرالدین شاہ اپنی اداکاری سے سب کو چونکاتے ہی ہیں لیکن کیا اگر کسی فلم کا سکرپٹ اچھا ہو تو اداکار فلم میں کام کرنے کا معاوضہ نہیں لیتے؟ ایسا اس انڈسٹری میں تو نہیں ہوتا لیکن نصیر نے ایسا کیا۔ انہیں فلم ’بولو رام‘ کا سکرپٹ اتنا اچھا لگا کہ انہوں نے فلم میں مفت کام کیا۔ دیکھا آپ نے اچھی فلم اور اچھی سکرپٹ کی کتنی کمی ہے؟ ویل ڈن نصیر جی فنکار ہو تو آپ جیسا۔۔۔۔
تین خان ایک چھت کے نیچے

کیا ہو جب تینوں خان ایک چھت کے نیچے ہوں؟ ہنگامہ ہی ہنگامہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فلم تھری ایڈیٹس کی پریمیئر پارٹی تھی۔ فلم تھی عامر خان کی اس لیے عامر تو موجود ہوں گے۔ انہوں نے اپنے دوست سلمان خان کو بھی مدعو کر لیا۔ فلمساز ودھو ونود چوپڑہ سے عرصہ بعد کنگ خان کی دوستی ہوئی تو انہوں نے شاہ رخ کو بھی مدعو کیا۔ بس کیا تھا جیسے ہی میڈیا کو پتہ چلا کیمرے کے لینز ان تینوں پر ہی مرکوز ہو گئے۔ ایک لمحہ آیا جب سلمان اور شاہ رخ آمنے سامنے ہوئے۔ دونوں نے ایک دوسرے کو گھور کر دیکھا۔ ہم غلط نہیں کہہ رہے ہیں ’ تصویریں جھوٹ نہیں بولتی ہیں‘ اس سے پہلے کہ کچھ دھماکہ ہوتا عامر نے بڑی خوش اسلوبی کے ساتھ سلمان کا ہاتھ پکڑا اور انہیں باتوں میں لگا لیا۔ شاہ رخ وہاں سے ہٹ گئے۔ اوں ۔۔۔ سب نے ٹھنڈی سانس لی۔
گزارش
رتیک روشن آج کل اپنی آنے والی فلموں کے پروڈیوسرز سے فلم میں باربرا موری کو لینے کی ’گزارش‘ کرتے پھر رہے ہیں۔ ویسے آپ کو ہم نے بہت پہلے بتا دیا تھا کہ فلم ’ کائٹس‘ میں کام کرتے کرتے پیار کے ’ کیوپڈ‘ نے کام کر دیا اور رتیک بیچارے چاروں شانے چت ہو گئے۔ اب حال یہ ہے کہ ’فیملی مین‘ کہلانے والے رتیک پارٹیوں کے شوقین ہو چکے ہیں اور کھلے عام کہتے پھر رہے ہیں کہ وہ باربرا کو بھلا پانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ اب بیچاری سوزین اپنے بچپن کے پیار اور شادی شدہ زندگی کو بچانے کی کوششوں میں لگی ہیں اور اسی لیے وہ فلم گزارش کے سیٹ پر پہنچ جاتی ہیں تاکہ اپنے شوہر پر نظر رکھ سکے۔ نتیجہ؟ فلم کی ہیروئین مونی کنگنا اب رتیک کے ساتھ رومانٹک سین کرنے سے گریز کر رہی ہیں اور انہوں نے فلم میں ایسے منظر کو کاٹنے کی فلم کے ہدایت کار بھنسالی سے درخواست کی ہے۔
وارننگ

گرو دت کے بیٹے ارون دت نے فلمساز انوراگ کیشپ کو وارننگ دی ہے کہ وہ ان کے والد پر جو فلم بنار رہے ہیں اس میں اداکارہ وحیدہ رحمن کے ساتھ ان کی زندگی کے واقعات کو سنسی خیز بنانے کی کوشش سے پرہیز کریں۔ کیشیپ پرانے دور کے نامور فلمساز اور اداکار گرودت کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے اس کا سکرپٹ لکھ رہے ہیں۔ اب اگر گرودت کی زندگی پر فلم بنانی ہو تو وحیدہ رحمن کا ذکر ضروری ہے کیونکہ دونوں کے درمیان رومانس اس وقت شباب پر تھا اور اسی کے ساتھ کچھ تنازعات کا شکار بھی ہوا۔
اجے خواجہ کے دربار میں
اجے دیوگن اپنی فلم ’اتیتھی تم کب جاؤگے‘ کی کامیابی کے لیے خواجہ غریب نواز کے دربار میں پہنچ گئے۔ محرم میں دربار میں کافی بھیڑ ہوتی ہے اس لیے مجاور نے انہیں دربار میں ایسے وقت میں حاضری کے لیے منع کیا تھا لیکن اجے کیا کرتے کیونکہ فلم بھی تو ریلیز کے قریب تھی اس لیے انہوں نے اپنا گیٹ اپ بدلنے کی کوشش کی۔ چہرے پر مونچھیں لگائیں۔ چہرہ چھپانے کے لیے سر پر کیپ پہنی اور جب وہ درگاہ پہنچے تو سوائے خادم کے کوئی انہیں پہچان نہیں سکا۔ رات آٹھ بجے کے قریب اجے نے چادر چڑھائی اور دعا مانگ کر لوٹ آئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی





















