عامر کا انداز اور دپیکا کے آنسو
- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ممبئی
عامر کا نیا انداز

بنارس کی گلیوں اور گھاٹ پر آج کل آنکھوں پر بڑا سا چشمہ لگائے ،گلے میں مفلر لپیٹے ،منہ میں پان چبائے اور ہاتھوں میں ' یوپی بہار کے سرکاری بابو ' کی طرح بیگ اٹھائے ایک شخص خواجہ منزل کا پتہ پوچھتا پھر رہا ہے۔
وہ انہیں بتا رہا ہے کہ وہاں برسوں پہلے ان کی والدہ نے اپنا بچپن گزارا تھا۔ اگر آپ نے اسے پہچان لیا تو انعام کی خطیر رقم آپ کی منتظر ہے لیکن افسوس بنارس کے کشتی راں ، رکشہ ڈرائیور اور گلی محلے کے لوگ اسے پہچان ہی نہیں پا رہے ہیں۔
ارے بھیا وہ بالی وڈ سٹار عامر خان ہیں۔ وہ تمام لوگ جنہوں نے عامر کے ساتھ وقت بتایا جب انہیں پتہ چلے گا کہ اتنا بڑا سٹار ان کے ساتھ گفتگو کرتا رہا، ان کے ساتھ کھانا کھایا اور وقت بتایا وہ عامر خان تھا تو بتائیے انہیں کیسا محسوس ہو گا؟ ارے بھئی وہ بھاگ کر عامر کی فلم تھری ایڈیٹس دیکھنے جائیں گے اور یہی عامر کی فلم کی تشہیر کے لیے انوکھی حکمتِ عملی ہے۔
دیپکا کی نم آنکھیں

اب تک آپ کے پاس یہ خبر پہنچ چکی ہو گی کہ دیپکا پادوکون اور رنبیر کے درمیان محبت ختم ہو گئی ہے۔لیکن نئی خبر یہ ہے کہ دو ماہ تک میڈیا سے بچتی رہی دیپکا جب ایک کریم کے اشتہار کے لیے میڈیا کے روبرو ہوئیں تو ان پر سوالات کی بوچھار شروع ہو گئی۔ سارے سوال چھوڑیے ایک صحافی نے پوچھ لیا ’رنبیر کےنام کا جو ٹیٹو آپ نے اپنی گردن پر بنوایا ہے اس کا آپ کیا کریں گی؟‘ اور جواب میں دیپکا نم آنکھیں لیے وہاں سے چلی گئیں۔
َکرن کی دِل بہار
کیا آپ یقین کر سکتے ہیں کہ فلمساز کرن جوہر کو کوئی لڑکی محبت بھرا پیغام دے سکتی ہے؟ ہمیں بھی یقین نہیں آیا لیکن یہی حقیقت ہے کہ ازبکستان سے دل بہار نامی ایک لڑکی نے کرن جوہر کی تصویر والا قالین تیار کروایا اور اس پر پیار بھرا پیغام لکھا۔ یہ دیکھ کر کرن فورا شاہ رخ خان کے پاس دوڑے گئے۔۔۔۔ کیوں ؟ ارے بھئی وہ ان کے ’دوست‘جو ہیں۔۔۔۔
شاہ رخ ' باوقار مسلمان '

بالی وڈ کنگ خان کو اب ایک اور اعزاز حاصل ہوا ہے۔ جارج ٹاؤن یونیورسٹی نے ایک سروے کیا ہے جس میں دنیا کے پانچ سو مسلمانوں کی فہرست تیار کی ہے جو انتہائی ’پاور فل‘ ہیں۔ بھارت سے ان افراد کی فہرست میں سابق صدر جمہوریہ عبدالکلام ، موسیقار اے آر رحمان اور شاہ رخ خان کو شامل کیا گیا ہے۔ پتہ چلا کہ شاہ رخ نے اپنی فنکاری کے ذریعہ بھارت ہی نہیں دنیا کے کروڑوں لوگوں کا دل جیتا ہے۔
ہاؤس فول
ہم نے املاء میں غلطی نہیں کی ہے۔ ہم نے ہاؤس فل نہیں فول ہی لکھا ہے۔ گلوکار، موسیقار، فلمساز اداکار ہمیش ریشمیا کی فلم ’ریڈیو‘ دیکھنے جب کچھ لوگ پہنچے تو پتہ چلا کہ ملٹی پلیکس خالی ہیں۔ حیرت کیونکہ باکس آفس پر فلم اچھا بزنس کرتی دکھائی جا رہی ہے۔ تو پھر؟ ہمارے مخبر نے پتہ لگایا تو پتہ چلا کہ شہر کے ملٹی پلیکس سے ہر روز کچھ لوگ ’ایک ساتھ بکنگ‘ کرتے ہیں اور پھر وہ واپس فلم دیکھنے نہیں آتے ہیں۔ خبری نے بتایا کہ فلم کو باکس آفس پر کامیاب دکھانے کے لیے یہ کام کیا جا رہا ہے۔ واقعی فلمساز کو کتنی محنت کرنی پڑتی ہے۔
شاہد کرینہ کا ملن

شاہد کپور اور کرینہ کپور کا ملن ویلنٹائن ڈے پر ہو گا۔ ہے نا چونکانے والی خبر۔ چلئے آپ کی حیرت کو کم کرتے ہوئے بتا دیں کہ ان دونوں نے فلم ’ملیں گے ملیں گے‘ ایک ساتھ اس وقت کی تھی جب دونوں میں محبت کے وعہد و پیماں جاری تھے۔ اس وقت یہ فلم نمائش کے لیے پیش نہیں کی جا سکی تھی اب جب کہ ان کی محبت میں دراڑ یعنی کہ سیف آچکے ہیں تو بونی کپور یہ فلم ویلنٹائن کے دن اسے ریلیز کرنا چاہتے ہیں۔ یہ شو بزنس ہے بھیا۔۔۔ یہاں سب کچھ بکتا ہے۔ بونی اچھی طرح جانتے ہیں کہ ڈبے میں بند یہ فلم انہیں کروڑوں کا بزنس دلائے گی کیونکہ ناظرین اس خوبصورت جوڑی کو پھر ایک ساتھ چاہے پردے پر سہی دیکھنے ضرور آئیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فرحان بڑے یا دیپکا
کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ فرحان بڑے ہیں یا دیپکا؟ آپ پوچھیں گے یہ کیسا سوال ہے؟ لیکن یہ سوال ہمارے ذہن میں نہیں بلکہ خود فرحان کے ذہن میں آیا تھا۔ دراصل فرحان اختر اور دیپکا دونوں فلم ’ کارتک کالنگ کارتک‘ میں جوڑی کے طور پر نظر آئیں گے۔ اب سبھی دیپکا کے قد کے بارے میں جانتے ہیں فرحان کو لگا دیپکا ان سے قد میں لمبی ہے اس لیے دونوں کی جوڑی پردے پر اچھی نہیں لگے گی اس لیے انہوں نے فلم میں کام کرنے سے پہلے اپنے ہاتھوں سے دیپکا کا ناپ لیا۔ دونوں کا قد برابر تھا۔ فرحان پھر بھی پریشان تھے کہ آخر اس کے باوجود دیپکا لمبی کیوں نظر آتی ہیں؟ وہ اس لیے فرحان کیونکہ دیپکا کے پاس خوبصورت لمبی ٹانگیں ہیں جو انہیں مزید خوبصورت بناتی ہیں۔
ہیلن کی تلاش
نا۔۔۔ نا۔۔۔ ہیلن تو ابھی بھی سلمان خان کے گھر پر ہیں۔ دراصل فلمساز ایکتا کپور اور ہدایت کار ملن لوتھریا کو ہیلن کی ہی طرح خوبصورت رقاصہ کی تلاش ہے جو ان کی فلم ’ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی‘ میں ستر کی دہائی میں ہیلن کی طرح کیبرے رقص کر سکے۔ آج کی فلموں پر آئٹم نمبر کرنے والی بے شمار ہیروئیں اور رقاصائیں ہیں لیکن اتنے گریس کے ساتھ کیبرے کرنے والی رقاصہ کا ملنا شاید مشکل ہی ہو۔





















