ممبئی الیکشن: بی جے پی شیوسینا سمجھوتہ

شیوسینا
،تصویر کا کیپشنشیوسینا مہاراشٹر کی بائیس چھبیس نشستوں پر الیکشن لڑے گی۔
    • مصنف, ریحانہ بستی وال
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

آئندہ پارلیمانی انتخابات کے لیے مہاراشٹر کی علاقائی سیاسی جماعت شیوسینا اور بھارتیہ جنتا پارٹی میں سیٹوں کے معاملہ میں آخر کار سمجھوتہ ہو گیا۔ شیوسینا مہاراشٹر کی بائیس اور بی جے پی چھبیس نشستوں پر الیکشن لڑے گی۔

شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے اس سمجوتے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تین نشستوں پر دونوں پارٹیوں میں اختلاف ہوا تھا لیکن اب وہ ختم ہو چکا ہے۔ شیوسینا نے بی جے پی سے کلیان، یوت مال اور جنوبی ممبئی کی سیٹوں کا مطالبہ کیا تھا۔ جس پر دونوں پارٹیوں میں باہمی رضامندی نہیں ہو رہی تھی۔ بی جے پی کے ترجمان مادھو بھنڈاری نے بی بی سی کو بتایا کہ رات گئے دونوں پارٹیوں کے درمیان گفتگو کے بعد باہمی رضامندی کے بعد یہ اعلان کیا گیا۔ جنوبی ممبئی کی جس سیٹ کے لیے ہنگامہ ہوا ہے وہ سیٹ شیوسینا کے موہن راولے چاہتے ہیں۔

بی جے پی سے تین سیٹوں کے مطالبہ کے بعد شیوسینا نے انہیں اپنے بھیونڈی جلگاؤں اور شمالی ممبئی کی سیٹیں دے دیں۔ بھیونڈی کی سیٹ بی جے پی کو دینے کی وجہ سے شیوسینا کے مقامی لیڈر یوگیش پاٹل نے کافی ہنگامہ کیا۔ سنجے راؤت نے پاٹل کے ہنگامے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ دراصل از سر نو حد بندی کی وجہ سے کئی لیڈروں کے حلقے دوسرے میں ضم ہو چکے ہیں اس لیے کئی ممبر پارلیمنٹ کو اپنا حلقہ یا تو تبدیل کرنا پڑا ہے یا پھر وہ پوری طرح ختم ہو چکا ہے۔

بی جے پی ترجمان بھنڈاری نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ اس حد بندی کی وجہ سے ان کی پارٹی میں بھی لیڈروں نے ہنگامہ کیا تھا اور یہ فطری بات ہے۔

مہاراشٹر میں پارلیمنٹ کی کُل اڑتالیس نشستیں ہیں۔ممبئی سے چھ سیٹیں ہیں۔جن میں پہلے تین سیٹیں جنوبی مبمئی اور تین ممبئی کے مضافاتی علاقوں سے تھیں لیکن نئی حد بندی کے بعد جنوبی ممبئی کی سیٹیں دو ہو گئی ہیں جب کہ چار نششتیں مضافاتی علاقوں پر مشتمل ہیں۔

شیوسینا بی جے پی ایک عرصہ سے مشترکہ طور پر الیکشن لڑتے آئے ہیں۔گزشتہ پارلیمانی انتخابات میں بھی دونوں نے الیکشن مشترکہ لڑا تھا۔ بی جے پی کو تیرہ سیٹیں ملی تھیں اور شیوسینا کو گیارہ۔ شیوسینا لیڈر راؤت نے کہا کہ جلد ہی دونوں پارٹیاں اپنی مشترکہ الیکشن مہم شروع کریں گی۔

سولہ اپریل سے پورے ملک میں پارلیمانی الیکشن ہوں گے اور مہاراشٹر میں یہ الیکشن تین مرحلوں میں ہوں گے۔