ورون گاندھی کی درخواست مسترد

ورون گاندھی
،تصویر کا کیپشنگزشتہ کئی روز سے ورون نے میڈیا سے کوئی بات نہیں کی ہے

آلہ آبادہائی کورٹ نے پیلی بھیت حلقے سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار ورون گاندھی کی اس درخواست کو خارج کردیا ہے جس میں انہوں نے عدالت سے کہا تھا کہ ان کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے کے خلاف جو ایف آئی آر درج ہے اسے خارج کردیا جائے۔

اطلاعات کے مطابق ورون گاندھی اب اپنے خلاف درج ایف آئی آر کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کریں گے اور ان کے وکیل اس بات کا اشارہ بھی کیا ہے۔

آلہ آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ ظاہری طور پر لگتا ہے کہ ان کے خلاف کیس بنتا ہے اس لیے ایف آئی آر کو خارج نہیں کیا جا سکتا۔

ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے بعد ستائس مارچ کے بعد ورون گاندھی کے پاس فرفتاری سے بچنے اکے لیے س کے علاوہ کوئی راستہ نہیں کہ وہ سپریم کورٹ میں پیشگی ضمانت کی درخواست دیں۔

اس سے پہلے دلی ہائی کورٹ نے مبینہ طور پر مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیان دینے کے معاملے میں ان کی پیشگی ضمانت ستائس مارچ تک منظور کر لی تھی۔

ورون گاندھی پر الزام ہے کہ چھ مارچ کو انہوں نے اپنے حلقے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز باتیں کہی تھیں۔ ورون گاندھی نے ان الزامات کو پوری طرح مسترد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سی ڈی میں چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے اور انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا تھا۔

ورون گاندھی کے مبینہ بیان کا الیکشن کمیشن سخت نوٹس لیا تھا اور کمیشن کی ہدایات پر ہی ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے حال ہی میں کہا تھا کہ یہ ثابت کرنے کی ذمہ داری ورون گاندھی پر ہےکہ سی ڈی میں چھیڑ چھاڑ ہوئی یا نہیں۔ کمیشن نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو یہ بھی صلاح دی تھی کہ وہ پیلی بھیت سے ورون گاندھی کو اپنا امید وار نا بنائے۔ لیکن بی جے پی نے الیکشن کمیشن کی اس مشورے کو مسترد کردیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ پیلی بھیت سے ورون گاندھی ہی اس کے امید وار ہوں گے۔

ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی ویڈیو کلپنگز ميں ورون گاندھی کہہ رہے ہیں کہ اگر کوئی ہندؤوں کی طرف ہاتھ بڑھاتا ہے یا پھر یہ سوچتا ہے کہ ہندؤں کی سربراہی کرنے والا کوئی نہیں ہے تو میں گیتا کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میں اس ہاتھ کو کانٹ دوں گا۔ اپنے خطاب میں ورون گاندھی نے مہاتما گاندھی کے مشہور عدم تشدد کے فلسفے کو بھی غلط قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا ميں اسے بیوقوفی مانتا ہوں کہ اگر کوئی آپ کے ایک گال پر ایک چانٹا مارے تو آپ دوسرا گال آگے کر دیں ۔۔۔۔اس کے ہاتھ کاٹ دو تاکہ وہ کسی دوسرے پر بھی ہاتھ نہ اٹھا سکے۔

حالانکہ ورون گاندھی نے پیلی بھیت کے ضلع مجسٹریٹ کو دیے اپنے جواب میں اشتعال انگیز بیان دینے کے الزام کو غلط قرار دیتے ہوئے اس سے انکار کیا ہے۔

حکمراں جماعت کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی سمیت کئی سیاسی جماعتوں نے ورون گاندھی کے بیان پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔