دوسرے مرحلے میں پچپن فیصد ووٹنگ

انڈیا میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جمعرات کو ملک کی بارہ ریاستوں کے ایک سو اکتالیس حلقوں میں پولنگ مکمل ہوگئی ہے اور الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس مرحلے میں پولنگ کی شرح پچپن فیصد رہی ہے۔
سولہ اپریل کو مکمل ہونے والے پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالنے کی شرح ساٹھ فیصد کے قریب رہی تھی۔
ڈپٹی الیکشن کمشنر آر بالا کرشنن نے دلی میں ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ آسام میں باسٹھ فیصد، آندھرا پردیش میں ساٹھ فیصد جبکہ بہار اور اتر پردیش میں چوالیس فیصد لوگوں نے ووٹ دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر ميں تینتالیس فیصد پولنگ ہوئی ہے۔ الیکشن کمشنر کے مطابق جھارکھنڈ ميں سینتالیس فیصد ووٹ ڈالے گئے اور اڑیسہ ميں پچاس فیصد، مہاراشٹر ميں چھپن فیصد اورگوا اور کرناٹک میں پولنگ کی شرح پچپن فیصد رہی ہے۔
<link type="page"><caption> دوسرے مرحلے کی پولنگ کا آنکھوں دیکھا حال </caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/india/2009/04/090423_reporters_log_ka.shtml" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> دوسرا انتخابی مرحلہ، تصاویر میں</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/india/2009/04/090423_second_phase_ka.shtml" platform="highweb"/></link>
دوسرے مرحلے میں پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی ہے اور ریاست جھارکھنڈ کے علاوہ کسی علاقے سے تشدد کے کسی واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ جھارکھنڈ میں نکسل باغیوں کے زیرِ اثر گرڈیہ ضلع کے ڈاڈی شری رام پور میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایک جوان زخمی ہوا ہے جبکہ جھارکھنڈ کے ہی مشرقی سنگھ بھوم کے بنس ڈیرا علاقے میں ماؤ نواز باغیوں نے پولنگ ميں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی لیکن سکیورٹی فورسز نے ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
ملک کی جن ریاستوں میں جمعرات کو ووٹ ڈالےگئے ان میں آندھراپردیش، آسام، بہار، گوا، جموں اور کشمیر، کرناٹکا، مدھایا پردیش، مہاراشٹر، اڑیسہ، تری پورا، اتر پردیش اور جہارکھنڈ شامل ہیں۔ آندھرا پردیش اور اڑیسہ میں لوک سبھا کے انتخابات کے ساتھ ساتھ اسمبلی انتخابات بھی ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش کی ایک سو چالیس0 اور اڑیسہ کی ستّتر اسمبلی سیٹوں کے لیے پولنگ ہوئی۔
پولنگ کے دوران ریاست آسام کے گوہاٹی شہر میں وزیر اعظم منموہن سنگھ اور ان کی بیوی گروچرن سنگھ نے اپنا ووٹ ڈالا جس کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ دوسرے مرحلے کے انتخابات میں کانگریس کے راہل گاندھی ریاست اترپردیش کے امیٹھی، مرکزی وزیر شرد پوار مہاراشٹر کے ماڑھا، سشما سوراج مدھیہ پردیش کے ودیشا، اور رام ولاس پاسوان بہار کے حاجی پور حلقے سے اہم امیدوار تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اترپردیش سے بی بی سی کے نامہ نگار رام دت ترپاٹھی نے بتایا ہے کہ پولنگ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ رانچی سے سلمان راوی کا کہنا ہے کہ گرڈھی پارلیمانی حلقے میں بارودی سرنگ سے دھماکہ ہوا تاہم کسی ہلاکت کی کوئی خبر نہیں ہے۔ حکام نے پولنگ سے قبل کہا تھا کہ دوسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران اس نوعیت کے تشدد کے واقعات دیکھنے میں نہیں آئیں گے جیسا کہ پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران رونما ہوئے تھے۔گزشتہ ہفتے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے موقع پر تشدد کے مختلف واقعات میں سترہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ان انتخابات میں انتخابی عملے کے تین ارکان کو اغواء بھی کر لیا گیا تھا۔
انڈیا میں لوک سبھا کی پانچ سو تینتالیس نشستوں پر پانچ مرحلوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتیں حکمران جماعت کانگریس اور حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کئی دوسری علاقائی اور چھوٹی جماعتوں سے اتحاد کی صورت میں الیکشن لڑی رہی ہیں۔ ان انتخابات میں پہلی مرتبہ کئی چھوٹی جماعتوں پر مشتمل ایک تیسرا اتحاد بھی انتخابی معرکے میں شامل ہے۔ ان انتخابات میں اگر کوئی جماعت واضح اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہتی ہے تو پھر چھوٹی جماعتیں حکومت سازی کے مرحلے میں بہت اہمیت حاصل کر لیں گی۔




















