منموہن سنگھ وزیر اعظم کے لیے نامزد

ہندوستان میں انتخابات میں کامیابی کے بعد کانگریس پارٹی نے منموہن سنگھ کو متفقہ طور پر پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب کر کے انہیں دوبارہ وزیر اعظم کے عہدے لیے نامزد کر دیا ہے۔ منگل کے روز پارٹی کی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ میں سونیا گاندھی کو پارلیمانی پارٹی کا چیئر پرسن منتخب کیا گيا ہے۔
دلی میں آج کانگریس پارلیمنٹری پارٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں متفقہ طور پر پر ڈاکٹر منموہن سنگھ کو پارلیمان میں پارٹی کا لیڈر چنا گیا ہے۔ اس میٹنگ سے پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اور من موہن سنگھ نے خطاب کیا۔ کانگریس پارٹی نے انتخابات میں منموہن سنگھ کو ہی وزیر اعظم کے عہدے کے لیے پروجیکٹ کیا تھا اس لیے یہ ایک محض رسمی کارروائی تھی۔
منگل کے روز ہی پارٹی اپنی اتحادی جماعتوں سے بھی صلاح و مشورہ کرنے والی ہے جس میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ جو جماعتیں یو پی اے میں شامل نہیں تھیں انہیں حکومت میں شامل کیا جائے یا نہیں۔ منموہن سنگھ صدر پرتیبھا پاٹل سے ملاقات کر چکے ہیں اور ب انہیں کسی بھی وقت حکومت سازی کے لیے دعوت نامہ ملنے والا ہے۔
کانگریس پارٹی یا صدر کی جانب سے ابھی کسی دن یا تاریخ کا با ضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن اطلاعات کے مطابق حلف برداری کی تقریب بائس مئی کو ہو سکتی۔ دو ہزار چار میں بھی منموہن سنگھ حکومت کی حلف برداری اسی روز ہوئی تھی۔
ان انتخابات میں کانگریس کی قیادت والے یو نائیٹیڈ پروگریسیو اتحاد کو دوسو ساٹھ سے بھی زیادہ سیٹیں ملی ہیں اور پارلیمان میں سادہ اکثریت کے لیے اسے دو سو بہتر ارکان کی ضرورت ہے۔ اس دوران بعض علاقائی جماعتوں نے بھی حکومت کی بلا شرط حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔

















