بھارت سیاحوں کے لیے محفوظ ہے

پی چدامبرم
،تصویر کا کیپشنوزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ بھارت کسی بھی ملک سے زیادہ محفوظ ہے

ہندوستان کا کہنا ہے کہ امریکہ نے اپنے شہریوں کو بھارت جانے کے لیے جو احتیاطی مشورے دیے ہیں اس کی کوئی ضرورت نہیں تھی اور انڈیا سیاحوں کے لیے پوری طرح محفوظ جگہ ہے۔

امریکہ نے اپنے احتیاطی مشورے میں کہا ہے کہ دہشتگردانہ حملوں کے خطرات کے پیش نظر فی الوقت بھارت جانے سے بچنا بہتر ہے۔

بھارت کے وزیر داخلہ پی چدمبرم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ '' بھارت کسی بھی ملک سے زیادہ محفوظ جگہ ہے۔ میری سمجھ سے باہر ہے کہ آخر اس مشورہ کی وجہ کیا ہو سکتی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں سیاح بھارت آتے ہیں اور ہم ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔''

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں امریکی انتظامیہ سے بات کریں گے تاکہ اس احتیاطی مشورہ کو واپس لیا جا سکے۔

امریکہ نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ دہشتگردانہ حملوں کے پیش نظر بھارت جاتے وقت چوکس رہیں اور ایسی جگہوں پر جانے سے بچیں جو آسانی سے نشانہ بنائی جا سکتی ہیں۔ دلی میں امریکی سفارت خانے سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ '' وہ امریکی شہری جو بھارت ہیں یا جانے کا ارادہ رکھتے ہیں انہیں فوری طور پر یاد دہانی کرائی جاتی ہے کہ دہشتگردی سے پورے ہندوستان میں خطرہ لاحق ہے۔''

امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری بیان میں ان امریکی شہریوں کو سکیورٹی کے لیے احتیاطی تدابیر بتائی گئی ہیں جو فی الوقت بھارت میں موجود ہیں۔ '' امریکیوں کو چاہیے کہ وہ ہمہ وقت چوکس رہیں، مقامی اخبارات پر نظر رکھیں اور اپنے روزہ مرہ کے آنے جانے میں راستوں کو تبدیل کرتے رہیں۔''

اطلاعات کے مطابق ہندوستانی انٹلی جنس ایجنسیز کو پتہ چلا ہے کہ شدت پسند ملک کے بعض حصوں میں کسی بڑی کارروائی کو انجام دینے کے لیے منصوبے بنا رہے ہیں۔ اس طرح کی اطلاعات کے بعد ہی امریکہ نے اپنے شہریوں کے لیے احتیاطح مشورہ جاری کیا ہے۔

خبروں کے مطابق جنوبی ہندوستان میں دہشت گردانہ حملوں کے خدشات ہیں اس لیے بنگلور اور حیدرآباد جیسے شہروں میں سکیورٹی کو چوکس کر دیا گیا ہے۔