سخت کارروائی کریں: منموہن

منموہن سنگھ
،تصویر کا کیپشنمسٹر سنگھ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے یکاترن برگ گئے تھے

ہندوستانی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے پاکستان سے دہشت گردوں کے خلاف بھی اسی شدت سےکارروائی کرنےکو کہا ہے جیسی کہ وہ طالبان کے خلاف کر رہا ہے۔

منموہن سنگھ نے روسی شہر یکاترن برگ سے وطن لوٹتے ہوئے اپنے خصوصی طیارے میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران یہ بات کہی ہے۔

مسٹر سنگھ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے یکاترن برگ گئے تھے جہاں ممبئی پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد صدر زرداری سے ان کی پہلی ملاقات بھی ہوئی۔

مسٹر سنگھ نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھی ’سخت اور موثر‘ کارروائی کرنی چاہیے۔

پاکستانی صدر سے اپنی ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نےکہا مسٹر زرداری نے انہیں یقین دلایا کہ وہ دہشت گردی کا قلع قمع کرنے میں سنجیدہ ہیں لیکن اس کے لیے انہیں ’کچھ وقت‘ چاہیے۔

وزیر اعظم نےکہا کہ اگر اسلام آباد نے ’امن کی راہ پر ہمت اور عزم کے ساتھ اور مدبرانہ انداز میں پیش قدمی کی تو ہندوستان بھی اس راہ پر آگے بڑھنے کو تیار ہے۔‘

’میں نے بر صغیر میں آپسی تعاون کی ضرورت پر اپنے نظریہ کا پہلے بھی ذکر کیا ہے اور یہ بھی کہ قیام امن مقامی لوگوں کے کس حد تک مفاد میں ہے۔ اس لیے ہمیں پاکستان کے ساتھ امن کی دوبارہ کوشش کرنی ہوگی۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان امن کے دشمنوں کے خلاف سخت اور موثر کارروائی کرے۔‘

انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہمسایہ ممالک سے بات چیت کے راستے بند نہیں کرسکتا۔