مایاوتی: ریتا بہوگنا کو سزا ضرور ہوگی

ریتا بہوگنا
،تصویر کا کیپشنریتا بہوگنا کی ضمانت نہیں ہوسکی ہے۔

اترپردیش کی وزیر اعلی اور بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے ریتا بہوگنا معاملے پر ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ریتا بہوگنا کا جرم معاف کرنے لائق نہیں ہے۔

ادھر اس معاملے کی جمعہ کو مرادآباد عدالت میں سماعت ہونی تھی لیکن وہاں وکیلوں کی ہڑتال ہے جس کی وجہ سے سماعت نہیں ہو پائی ہے۔

ایسا مانا جارہا ہے کہ وکیلوں کی ہڑتال سنیچر کو بھی جاری رہے گی اس لیے ریتا بہوگنا کو اتوار تک پولیس حراست میں رہنا پڑ سکتا ہے۔

ریتا بہوگنا نے اترپردیش کے شہر مرادآباد میں بدھ کو ریاستی حکومت کی اس پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے تحت نچلے طبقے کی جن خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے انہیں معاوضہ دیا جارہا ہے۔ اپنے اس خطاب کے دوران ریتا بہوگنا نے وزیر اعلی مایاوتی کے خلاف نا زیبا زبان استعمال کی تھی جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

ریتا بہوگنا کے بیان پر بڑا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز مایاوتی نے الزام عائد کیا تھا کہ ریتا بہوگنا نے یہ بیان کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی ایما پر دیئے ہیں وہیں کانگریس پارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو افسوس ہے ریتا بہوگنا نے مایاوتی کے خلاف اس طرح کے بیان دیئے ہیں۔

ریتا بہوگنا کے بیان پر بہوجن سماج پارٹی نے شدید غصہ کا اظہار کیا تھا۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی پارٹیوں نے ریتا بہوگنا کے بیان کو افسوسناک قرار دیا تھا۔ خود کانگریس پارٹی کے بعض لیڈران نے اس کی مذمت کی تھی۔

مایاوتی نے کہا ہے کہ سونیا گاندھی نے مجبور ہوکر افسوس ظاہر کیا ہے لیکن ان کے بیان کو دیکھتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی نے طے کیا کہ پارلیمان کے دونوں ایوانوں کو بنا رکاوٹ کے چلنے دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ریتا بہوگنا معاملے پر بہوجن سماج پارٹی کے ممبر پارلیمان نے ہنگامہ کیا تھا جس کے بعد پارلیمان کے دونوں ایوانوں کی کاروائی ملتوی کرنی پڑی تھی۔

لیکن انکا یہ بھی کہنا تھا کہ ' میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ ریتا بہوگنا نے میرے بارے میں جو بیان دیا ہے وہ معاف کرنے لائق نہیں ہے اور اس معاملے کی قانونی کارروائی چلتی رہے گی۔'

انکا مزید کہنا تھا ' ورن گاندھی کی طرح سے ریتا بہوگنا کو کچھ دن کے لیے ضمانت مل جائے لیکن ان کا جرم کم نہیں ہوتا ہے۔ دیر سویر قانون کے تحت انہیں سزا ضرور ملے گی۔'

ریتا بہوگنا کے خلاف شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائب ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوا ہے۔