ریتا بہوگنا کو ضمانت مل گئی

ریتا بہوگنا
،تصویر کا کیپشنریتا بہوگنا کی ضمانت مل گئی ہے۔

اترپردیش کی وزیر اعلی مایاوتی کے خلاف نا زیبا بیانات دینے کے الزام میں گرفتار ریاست میں کانگریس کی صدر ریتا بہوگنا کو عبوری ضمانت مل گئی ہے۔

ریتا بہوگنا اترپردیش کے شہر مراد آباد کی جیل میں 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں تھی۔ مرد آباد کی ایک عدالت نے انہیں عبوری ضمانت دی ہے۔

مغربی اترپردیش میں وکیلوں کی ہڑتال کے سبب اترپردیش میں کانگریس کی صدر ریتا بہوگنا کی ضمانت میں تاخیر ہورہی تھی۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملہ میں کانگریس کی جانب سے ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس میں بہوجن سماج کے رکن اسمبلی جیتندر سنگھ پر الزام ہے کہ ریتا بہوگنا کے گھر پر آگ لگانے میں انکا رول رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس بات کی تفتیش کی جارہی ہے۔

ادھر کانگریس کے لیڈر پرمود تیواری کا کہنا ہے کہ پولیس کی موجودگی میں ریتا بہوگنا کے گھر میں آگ لگائی گئی ہے اور یہ حکومت کے اشارے کے بغیر ممکن نہیں ہے اس لیے اس معاملے کی سی بی آئی ai تفتیش کرائی جائے۔

جمعہ کو راہل گاندھی نے کہا تھا کہ وہ ریتا بہوگنا کا غصہ سمجھ سکتے ہیں لیکن انہوں نے مایاوتی کے لیے جس نا زیبا زبان کا استمعال کیا ہے انہیں اس پر افسوس ہے۔

اس سے پہلے مایاوتی نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ریتا بہوگنا کا جرم معافی کے لائق نہیں ہےاور انہیں سزا ضرور ملے گی۔

ریتا بہوگنا نے اترپردیش کے شہر مرادآباد میں بدھ کو ریاستی حکومت کی اس پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے تحت نچلے طبقے کی جن خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے انہیں معاوضہ دیا جارہا ہے۔ اپنے اس خطاب کے دوران ریتا بہوگنا نے وزیر اعلی مایاوتی کے خلاف نا زیبا زبان استعمال کی تھی جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

ریتا بہوگنا کے بیان پر بڑا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ جمعرات کو مایاوتی نے الزام عائد کیا تھا کہ ریتا بہوگنا نے یہ بیان کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی ایما پر دیئے ہیں وہیں کانگریس پارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو افسوس ہے ریتا بہوگنا نے مایاوتی کے خلاف اس طرح کے بیان دیئے ہیں۔

ریتا بہوگنا کے بیان پر بہوجن سماج پارٹی نے شدید غصہ کا اظہار کیا تھا۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی پارٹیوں نے ریتا بہوگنا کے بیان کو افسوسناک قرار دیا تھا۔ خود کانگریس پارٹی کے بعض لیڈران نے اس کی مذمت کی تھی۔یکن انکا یہ بھی کہنا تھا کہ ' میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ ریتا بہوگنا نے میرے بارے میں جو بیان دیا ہے وہ معاف کرنے لائق نہیں ہے اور اس معاملے کی قانونی کارروائی چلتی رہے گی۔'

انکا مزید کہنا تھا ' ورن گاندھی کی طرح سے ریتا بہوگنا کو کچھ دن کے لیے ضمانت مل جائے لیکن ان کا جرم کم نہیں ہوتا ہے۔ دیر سویر قانون کے تحت انہیں سزا ضرور ملے گی۔'

ریتا بہوگنا کے خلاف شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائب ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوا ہے۔