ممبئی حملہ:پاکستانی کمپنی کا ذکر

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
ممبئی حملوں کی خصوصی عدالت میں ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعہ یاماہا کمپنی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ جس کشتی پر حملہ آور مبینہ طور پر کراچی سے ممبئی آئے تھے اس کا انجن ایک پاکستانی کمپنی نے جاپان سے درآمد کیا تھا۔
ممبئی کی خصوصی عدالت میں جج ایم ایل تہیلیانی کے سامنے ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعہ کمپنی کے ترجمان اور سروس مینجرنے بتایا کہ اس کشتی کا انجن ان کی کمپنی کا تھا جسے پاکستانی کمپنی بزنس اینڈ انجنیرنگ ٹرینڈز کے ڈیلر نے خریدا تھا۔
ترجمان نے اپنی گواہی میں کہا کہ یاماہا کمپنی کا آفس امریکہ میں بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو سیرئیل نمبر دیا گیا ہے اس کے اور کمپنی ریکارڈ کے مطابق سن دو ہزار آٹھ میں یہ انجن کراچی بھیجا گیا تھا۔
جمعرات کی صبح دس بجے کے قریب ویڈیو کانفرنسگ شروع ہو ئی تھی جس کے لیے عدالت میں تین بڑے سکرین لگائے گئے تھے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق حملہ آور کشتی پر ممبئی چار نوٹیکل میل کے فاصلے تک آئے تھے اس کے بعد وہ چھوٹی کشتی میں بدھوار پارک اترے تھے جہاں سے وہ ممبئی کے مختلف مقامات پر حملے کے لیے نکل پڑے تھے۔
پولیس نے اس کشتی کو اپنے قبضہ میں لیا تھا اور اس بوٹ کے انجن کی تفتیش کے بعد اس کے بارے میں جاپانی کمپنی کے سروس مینجر کی گواہی ریکارڈ کی گئی ہے۔
عدالت میں گزشتہ روز ایک ایف بی آئی افسر کی گواہی ریکارڈ کی گئی تھی جن کے مطابق حملہ آور کراچی سے ممبئی آئے تھے۔


















