’بھارت میں دہشتگردانہ حملوں کا اندیشہ‘

ممبئی حملے
،تصویر کا کیپشنممبئی حملوں میں کئی امریکی شہری بھی ہلاک ہوئے تھے
    • مصنف, شکیل اختر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی

امریکہ نے اپنے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ عید، دشہرا اور دیوالی جیسے مسلمانوں اور ہندؤوں کے مذہبی تہواروں کے دوران دہشتگرد ہندوستان کو نشانہ بنا سکتے ہیں اس لیے وہ سفر کے دوران محتاط رہیں۔

امریکہ کی وزارت خارجہ کی طرف سے ہندوستان کا سفر کرنے والے امریکی شہریوں کے لیے جاری کیے گئے ایک ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ وہ اس مدت میں انتہائی محتاط رہیں اور اپنے قیام کے دوران اپنی موجودگی کا زیادہ احساس نہ ہونے دیں۔

امریکی سفارتخانے کی ویب سائٹ پر شائع اس ایڈوائزری میں امریکی شہریوں کو یاد دلاتے ہو ئے کہا گیا ہے : ’گیارہ ستمبر کے حملے کی برسی اور ہندوؤں اور مسلمانوں کے اہم تہواروں کے موقع پر ہندوستان پر دہشتگردوں کے حملے کے امکانات مسلسل برقرار ہیں‘۔

امریکی وزارت خارجہ کے اس اس بیان میں نومبر 2008 کے ممبئی حملوں کا ذکر کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ان حملوں سے پتہ چلتا ہے کہ ہوٹل اور عوامی مقامات دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے خاص طور پر نشانے پر رہتے ہیں۔

ممبئی حملوں میں کئی امریکی شہری بھی ہلاک ہوئے تھے۔ اس ایڈوائزری میں امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے: ’امریکی اپنی سلامتی کا خیال رکھیں، اپنی شناخت کی شہرت نہ کریں اور اپنے اطراف کے حالات کے بارے میں خود کو باخبر رکھیں‘۔

امریکی شہریوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ہندوستان کے سفر کے دوران مقامی خبریں سنتے رہیں اور ہوٹل کے انتخاب اور کسی مذہبی تفریحی یا عوامی مقام کے دورے سے پہلے وہاں سکیورٹی کے انتظام کے بارے میں ضرور معلوم کر لیں۔

اس ایڈوائزری کا اطلاق 30 اکتوبر تک ہوگا۔

امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کیے گئے اس مشاورتی بیان میں کسی مخصوص دن یا کسی مخصوص شدت پسند تنظیم کا کوئی ذکر نہیں ہے ۔

گزشتہ برس ستمبر میں دلی میں کئی بم دھماکے ہو ئے تھے جس کے بعد پولیس نے متنازعہ بٹلہ ہاؤس انکاؤنٹر کے بعد اس حملے میں ملوث لوگوں کو گرفتار اور بعض کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا ۔

نومبر میں ممبئی پر دہشت گردانہ حملے ہوئے تھے ۔ ان واقعات کے بعد ملک کے شورش زدہ علاقوں کو چھوڑ کر باقی حصوں میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا ہے لیکن چند ہفتے قبل ملک کی خفیہ ایجنسیوں نے مختلف ریاستوں کو دہشتگردوں کے ممکنہ حملوں کے بارے میں الرٹ کیا تھا ۔

ہندوستان کے وزیر داخلہ بی چدامبرم ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں۔ امریکی ایڈوائزری پر ابھی ہندوستان کی وزارت داخلہ کی طرف سے کوئی بیان نہیں آيا ہے۔ اس سے قبل اس طرح کی ایڈوائزری جاری ہونے پر وزارت داخلہ نے افسوس ظاہر کیا تھا اور کہا تھا کہ ہندوستان سلامتی کے نقطہ نظر سے پوری طرح محفوظ ہے۔