ٹرین حادثے میں سات ہلاک متعدد زخمی

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنبھارت میں گزشتہ کچھ ماہ میں کئی ریل حادثے ہوئے ہیں

بھارت کی ریاست راجستھان کے جودھ پور شہر سے دلی آرہی منڈور ایکسپریس ٹرین کے کئی ڈبے پٹری سے اترگئے جس میں سات افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

یہ حادثہ سنیچر کی صبح بسّی شہر کے پاس ہوا ہے اور ریل انتظامیہ کے مطابق زخیموں میں انیس افراد کی حالت نازک ہے۔ بیشتر زخمیوں کو جے پور کے ہسپتال میں داخل کیا گيا ہے۔

محمکہ ریل کا کہنا ہے امدادی کاموں کے لیے کارکنان اور سینیئر اہل کار جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور کا تیزی سے جاری ہے۔ سینیئر حکام صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ایک ڈبّے کو گیس کٹر سے کاٹنے کی کوشش کی جارہی لیکن حکام کے مطابق اس میں سوار مسافر ہی باہر نکال لیے گئے ہیں۔

ریل حکام کا کہنا ہے کہ ابھی یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ حادثہ کی وجہ کیا ہے لیکن ریل کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

ٹرین جے پور سے چلی تھی اور تقریبا چالیس کلومیٹر کے فاصلے پر بسّی پہنچتے ہی یہ حادثہ پیش آيا۔

اس حادثے کی وجہ سے ریل کی پٹریاں اکھڑ گئی ہیں اس لیے دلی سے جے پور اور اجمیر جانے والی متعدد گاڑیوں کے راستوں میں تبدیلی کرنی پڑی ہے۔

اس دوران ریل کی مرکزی وزیر ممتا بنرجی نے ہلاک ہونے والے ہر فرد کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ شدید زخیموں کو ایک لاکھ جبکہ معمولی زخیموں کو دس ہزار روپے کے معاوضہ کا اعلان کیا گيا ہے۔

ریاستی حکومت نے مہلوکین کے رشتہ داروں کو دو دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ زخیموں کو ایک روپے دیے جائیں گے۔