اترپردیش: ٹرین حادثے میں چودہ ہلاک

ٹرین حادثے کی ایک فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنوزارت ریلوے نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے پانچ لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے
    • مصنف, رام دت ترپاٹھی
    • عہدہ, بی بی سی ، لکھنو

بھارت کی ریاست اترپردیش کے شہر گورکھپور سے ایودھیا آنے والی ایک پیسنجر ٹرین ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور سو زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ حادثہ اتوار کی دوپہر اس وقت پیش آیا جب گورکھپور - ایودھیا پیسنجر ٹرین نواب گنج اور ٹکری ہالٹ سٹیشن کے درمیان چک رسول پور گاؤں کے پاس بغیر پھاٹک والی کراسنگ پر ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔

شمالی مشرقی ریلوے کے ڈویزنل ریلوے مینجر اشوک سنگھ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ٹرک کے ڈرائیور اور کلینر کے علاوہ نو مسافر بھی شامل ہیں۔

ایک مقامی صحافی کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں عقیدت مند سوریہ اسنان کے لیے ایودھیا جارہے تھے۔ کئی افراد ٹرین کی چھت پر بیٹھے تھے اور وہ بھی حادثے کا شکار ہوئے ہیں۔

اشوک سنگھ نے بتایا کہ وزارت ریلوے نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے پانچ لاکھ اور زخمیوں کے لیے ایک لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔

ہندوستان میں ایسی سینکڑوں ریلوے کراسنگ ہیں جہاں کسی بھی وقت کوئی چوکیدار نہیں ہوتا ہے اور اکثر لوگ ریلوے ٹریک کراس کرتے ہیں جس کی وجہ سے حادثات ہوتے ہیں۔

ہندوستان میں ٹرین حادثات عام ہیں۔ ابھی حال ہی میں اترپردیش کے شہر متھرا شہر کے قریب دو ٹرینوں کے تصادم میں کم سے کم بائیس افراد ہلاک اور بائیس زخمی ہوگئے تھے۔